(علی اکبر) یوم پاکستان پر بانیان پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔
سٹی 42 کے مطابق یوم پاکستان پربانیان پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد مسلم لیگ ن کی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ یوم پاکستان قوم کا اپنے نظریے سے تجدید عہد اور وفا کا دن ہے، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت نے مسلمانوں میں آزادی کی شمع روشن کی۔ آج کا دن مفکر پاکستان علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر کا دن ہے۔
قیام پاکستان کی جدوجہد میں شہید ہونیوالے ہمارے اصل ہیرو ہیں، یہ ایوان اس عہد کا اعادہ کرتا ہے کہ آج کے دن پورا پاکستان متحد اور یکجا ہے، اتحاد اور قوت سے ہر ملک دشمن عناصر کا بھرپور مقابلہ کرینگے،یہ ایوان پاکستان کے دفاع کو مضبوط کرنے پر قائد میاں نواز شریف کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے، ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہوا۔