عابد چودھری: لاہور کے جناح ہسپتال میں مبینہ طبی غفلت کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے جہاں گردے کے آپریشن کے لیے آنے والی مریضہ کی بڑی آنت کا حصہ کاٹ دیا گیا۔ اوکاڑہ کی رہائشی 42 سالہ سمیرا کو ناکارہ گردے کے آپریشن کے لیے یورالوجی وارڈ میں داخل کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لیپروسکوپی کے ذریعے نفریکٹمی کے دوران ناکارہ گردہ نکالنے کی کوشش میں بڑی آنت کے ایک بڑے حصے کو گردہ سمجھ کر کاٹ دیا گیا۔ آپریشن کے دوران صورتحال کا علم ہونے پر فوری طور پر جنرل سرجنز کو طلب کیا گیا۔
جنرل سرجنز نے ہنگامی لیپروٹمی کرکے مریضہ کی جان بچائی، تاہم بڑی آنت متاثر ہونے کے باعث مریضہ کو کولوسٹمی بیگ لگانا پڑا۔ متاثرہ خاتون اس وقت سرجری وارڈ میں زیر علاج ہے۔ واقعے کے باعث مریضہ کو طویل المدتی طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ مبینہ غفلت پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔