فیسوں کی ادائیگی سے پریشان طلبا کیلئے خوشخبری

فیسوں کی ادائیگی سے پریشان طلبا کیلئے خوشخبری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( اکمل سومرو ) سرکاری و نجی یونیورسٹیز کو انسٹالمنٹ میں فیسوں کی وصول کرنے کا حکم، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے طلباء کو بڑا ریلیف دینے کے احکامات جاری کر دیے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بطور چانسلر تمام نجی و سرکاری یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے نام مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں طلباء کو ریلیف دینے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ مراسلے کے مطابق تمام یونیورسٹیز طلباء سے انسٹالمنٹ میں فیسیں وصول کریں۔

گزشتہ روز طلباء نے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سے جامعات کو فیسوں کی ادائیگی میں ریلیف کیلئے خط لکھنے کی درخواست کی تھی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی باعث پیدا ہونے والی صورتحال کی پیش نظر طلباء کیلئے فیسوں میں ریلیف دی جائے اور طلباء کو فیس کی ادائیگی اقساط میں کرنے کی اجازت دی جائے۔

گورنر پنجاب نے ہدایات کی ہیں کہ فیس کی عدم ادائیگی کی صورت میں ایسے اقدام سے اجتناب برتا جائے جو طلباء کے مستقبل پر اثر انداز ہو۔

دوسری جانب جامعات میں بڑھتی ہوئی فیسوں، آن لائن کلاسز اور سٹوڈنٹ یونینز کی بحالی کے حق میں لاہور پریس کلب کے باہر طلبا و طالبات کا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت کی ناقص پالیسیوں کے خلاف شدیدنعرے بازی کی۔

شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔ احتجاج کرنے والے طلبہ کا کہنا تھا کہ تھرڈ ورلڈ کنٹری میں آن لائن سٹڈی کا بھونڈا مذاق کر کے طلبہ سے لاکھوں روپے فیس وصول کی جارہی ہے۔ پاکستان میں بیشتر طلبہ کا تعلق ایسے علاقوں سے ہے جہاں انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں۔

طلبہ نے کہا کہ آئے روز فیسوں میں اضافہ غریب طالبعلموں کی تعلیم پر شب خون مارنے کے مترادف ہے، حکومت کی تعلیمی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ آن لائن کلاسز کی بندش، فیسوں میں کمی اور طلبہ یونین کو بحال کیا جائے ورنہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیں گے۔