سٹی 42 : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اربن فلڈنگ، رودکوہی اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام انسانی اور مکینکل وسائل بروئے کار لانے کا حکم دے دیا ۔ کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لیسکو اور دیگر بجلی تقسیم کارکمپنیوں کو نوٹس لینے کی ہدایت کردی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی غفلت کی وجہ سے لوگ جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ کھمبوں پر بجلی کے بے ہنگم لٹکتے تار انسانی جانوں کے لئے شدید خطرہ بن چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے واسا کمپلینٹ ہیلپ لائن پر فوری ایکشن اور شکایات کے حل کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے دریاؤں، ڈیموں اور بیراج پر نہانے کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ مریم نواز نے دریاؤں، ڈیموں اوربیراج وغیرہ کی ڈرون سے مانیٹرنگ کر نے کی ہدایت دی ۔
مریم نواز نے عوام کو بارش اور فلڈ کی صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے مساجد، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر اعلانات کرانے کا حکم دے دیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے مون سون کے دوران ہر کنسٹرکشن سائٹ کو باقاعدہ طور پر محفوظ بنانے کی ہدایت کردی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے انتظامیہ کو خستہ حال اور بوسید ہ عمارتوں کا جائزہ لینے اور رضاکارانہ طور پر خالی کرانے کی ہدایت کردی۔ مریم نوازشریف نے مون سون کے دوران صوبہ بھر میں مین ہول، گٹراور گڑھے وغیرہ محفوظ بنانے کا حکم دے دیا ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے والدین کواپنے بچوں کوسیلابی صورتحال میں خطرناک مقاما ت جانے سے روکنے کی اپیل کردی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرہ سے پیش نظر پیشگی انخلاء کا حکم دے دیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا مری میں اعلانات کرکے سیاحوں کو لینڈسلائیڈنگ کے خطرات سے پیشگی آگاہ کرنے کا حکم دے دیا ۔
واسا اور دیگر متعلقہ محکموں نے مون سون پر تفصیلی بریفنگ دی۔ پی ڈی ایم اے، واسا، ریسکیو1122، لوکل گورنمنٹ اور این ڈی ایم اے سے مکمل اشتراک کار کی ہدایت کردی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے ہر ضلع میں مون سون سنٹر فلڈ کنٹرول روم 24/7 فنکشنل کرنے کی ہدایت کردی گئی ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کمرشل اور عوامی مقامات سے بھی فوری طور پر پانی کی نکاسی ترجیحی بنیادوں پر کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے رہائشی علاقوں، گلی محلوں سے بھی بارشی پانی کے فوری انخلاء کی ہدایت کردی ۔ ساتھ ہی تمام اضلاع میں ضرورت کے مطابق مزید ڈی واٹرنگ سیٹ مہیا کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازنے گجرات، اوکاڑہ، لاہور اور مری کے ڈپٹی کمشنرز اور ایم ڈی واسا کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق،وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین، وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور پوری ٹیم کو شاباش دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جہاں پانی کئی کئی دن اور ہفتے کھڑا رہتا تھا وہاں چند گھنٹوں میں نکاسی آب قابل تحسین ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے زیادہ بارشیں متوقع تھیں، پیشگی اقدامات کارگر ثابت ہوئے۔ کئی دہائیوں کے بعد گجرات کے لوگوں نے بارش کے بعد پانی کی جلد نکاسی پر سکھ کا سانس لیااور شہر ڈوبنے سے بچ گیا۔ اپنی ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں ۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ 41 اضلاع میں واسا کے قیام اور پی ڈی پی پراجیکٹ موثر ثابت ہوئے۔ پنجاب کے 41 اضلاع میں واساز کو ایک ہزار ڈی واٹرنگ سیٹ،سکر مشینیں وغیرہ مہیا کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی سے بہترین اور جدید ترین مزید207 ڈی واٹرنگ سیٹ بھی واسا ز کو مہیا کریں گے۔