(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث مالی سال 2022 کے دوران پاکستان پیٹرولیم گروپ کا درآمدی بل تاریخ کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
زیرتبصرہ مالی سال میں ملکی تاریخ میں پہلی بار پٹرولیم گروپ کے درآمدی بل کی مالیت 23 ارب 31 کروڑ ڈالر رہی ہے، وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2021 کے مقابلے مالی سال 2022 میں پیٹرولیم گروپ کی درآمدات میں 105 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 21 میں پیٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل کی مالیت11ارب 35 کروڑ ڈالر تھی جبکہ مالی سال 22 میں پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 133 فیصد اضافے سے 12.06 ارب ڈالر رہا، مالی سال 21 میں پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 5.16 ارب ڈالر تھا جبکہ مالی سال 22 میں خام تیل کی درآمدات کی مالیت 80 فیصد کے اضافے سے 5.59 ارب ڈالر رہی۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 21 میں خام تیل کی درآمدات پر 3.10 ارب ڈالر خرچ کیے گئے تھے جبکہ مالی سال 22 میں ایل این جی کی درآمدات کی مالیت 90.65 فیصد اضافے سے4.98 ارب ڈالر رہی، مالی سال 21 میں ایل این جی کی درآمد پر 2.61 ارب ڈالر خرچ ہوئے تھے، مالی سال 22 میں ایل پی جی کی درآمد 40 فیصد اضافے سے 66 کروڑ ڈالر رہی، مالی سال 21 میں ایل پی جی کی درآمد پر66 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے جبکہ مالی سال 21 میں ایل پی جی کی درآمد پر 47.20 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے تھے۔