ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہباز شریف کو عدالت سے بڑی خوشخبری مل گئی

شہباز شریف کو عدالت سے بڑی خوشخبری مل گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک محمد اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں صدر مسلم لیگ (ن)  میاں محمد شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 17 اگست تک توسیع کردی، 2 رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس شہرام سرور چوہدری نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔

 

جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل بنچ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، عدالت میں میاں محمد شہبازشریف پیش ہوئے، میاں شہباز شریف کی جانب سے امجد پرویز ایڈووکیٹ پیش تاہم ان کے سینئر وکیل اعظم نذیر تاررڑ پیش نہ ہوئے۔

 

عبوری درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب سمیت دیگرکو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے بدنیتی کی بنیاد پر آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنایا، موجودہ حکومت کے سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے نیب نے انکوائری شروع کی، 2018ء میں اسی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، اس دوران بھی نیب کیساتھ بھر پور تعاون کیا تھا، گرفتاری کے دوران نیب نے اختیارات کے ناجائز استعمال کا ایک بھی ثبوت پیش نہیں کیا، نیب کی جانب سے زیر التواء انکوائری میں گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے، استدعا ہےکہ عبوری ضمانت منظور کی جائے۔

 

جسٹس شہرام سرور نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کیس دوسرے بنچ کے سامنے لگانے کی ہدایت کر دی۔

 

میاں محمد شہبازشریف کی عدالت پیشی کے موقع پر لیگی رہنماء رانا ثناء اللہ، سابق صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر، سابق ڈپٹی میئر راؤ شہباب الدین سمیت دیگر لیگی رہنماء بھی موجود تھے،ج بکہ شہبازشریف کی آمد کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

 

عدالت پیشی کے بعد شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے احترام میں پیش ہوا، حکومت انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے، خواجہ برادران کے حق میں فیصلہ آنے پر اللہ تعالی کے شکرگزار ہیں۔

 

صدرمسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثناءاللہ اور جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) لاہور خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer