(ویب رپورٹ) بنگلہ دیش، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں نہیں کھیلے گا۔جمعرات کوبنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے یہ بات صاف کردی ۔ بورڈ کی جانب سے یہ بات بتائی گئی ہے کہ اسے بنگلہ دیش حکومت سے اجازت نہیں ملی ہے۔ بی سی بی کے صدر امین الاسلام اور اسپورٹس ایڈوائزر آصف نذرل نے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں اور اس معاملے پر اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو حتمی فیصلہ کرنا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کےمطابق بی سی بی کے صدر میڈیا بریفننگ میں مزید یہ بھی کہا کہ وہ آخری کوشش کے طور پر آئی سی سی سے دوبارہ بات کریں گے۔ اس دوران متعدد رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑاہے اور اگر آئی سی سی نے ان کے مطالبات پورے نہ کئے تو وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر دے گا۔پاکستانی میڈیا میں کئی رپورٹس سامنے آئی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان ، بنگلہ دیش کی حمایت میں کھڑا ہے۔ ان رپورٹس کے مطابق اگر بنگلہ دیش کے مطالبات نہ مانے گئے تو پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بائیکاٹ بھی کر سکتا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے موقف پر قائم رہے گا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دستبرداری کا فیصلہ کرے گا ؟۔
بنگلہ دیش کے اسپورٹس ایڈوائزر آصف نذرل کا کہنا ہے کہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تب ہی کھیلے گی جب اس کے تمام میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں ہوں گے۔ جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں لیکن بھارت میں اپنے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی حفاظت کے حوالے سے خدشات برقرار ہیں۔