ملک اشرف : ہائیکورٹ کے سموگ کے تدارک سے متعلق احکامات پر عملدرآمد , محکمہ ماحولیات کی اندرون شہر ، والڈ سٹی کی مختلف مارکیٹس میں کارروائیاں، پولیتھین بیگز کے استعمال پر پابندی کی خلاف ورزی پردکاندار گرفت میں آئے۔ 50 کلوگرام غیر قانونی پولیتھین بیگز ضبط کر لیے گئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات لاہور علی اعجاز کی نگرانی میں کاروائیاں کی گئیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا پولیتھین بیگز ماحولیاتی آلودگی، سموگ میں اضافے اور نالیوں کی بندش کا بڑا سبب ہیں، شہری مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر پولیتھین بیگز کے استعمال سے اجتناب ، ماحول دوست متبادل بیگز کو اپنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پولیتھین بیگز کے دوبارہ استعمال کی صورت میں بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے ۔ مسلسل خلاف ورزی پر دکانیں سیل بھی کی جا سکتی ہیں۔علی اعجاز کا کہنا تھا ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔سموگ کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔