ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اینڈریو اسٹراؤس نے دوسری شادی کرلی

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اینڈریو اسٹراؤس نے دوسری شادی کرلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اینڈریو اسٹراؤس نے اپنی پہلی اہلیہ کے انتقال کے تقریباً 7 سال بعد دوسری شادی کرلی، اینڈریو اسٹراؤس جنوبی افریقا میں ایک نجی تقریب میں انتونیا لینئیس پیٹ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے  کے مطابق 48 سالہ اینڈریو اسٹراؤس نے 17 دسمبر کو جنوبی افریقا کے خوبصورت قبضے فرانس خوک میں واقع لا کلے وائن یارڈ میں شادی کی تقریب منعقد کی، یہ علاقہ کیپ ٹاؤن سے تقریباً 50 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ تقریب میں قریبی اہلِ خانہ شریک ہوئے، جہاں خوشگوار ماحول میں دلہا دلہن نے ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کا عہد کیا۔

تصاویر میں اینڈریو اسٹراؤس اور ان کی اہلیہ انتونیا لینئیس پیٹ خوش اور مطمئن دکھائی دیے جب کہ ایک تصویر میں اینڈریو اسٹراؤس کے بیٹے سیموئل اور لوکا بھی موجود تھے، جنہوں نے 2018 میں اپنی والدہ کو کھو دیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق اینڈریو اسٹراؤس اور انتونیا لینئیس پیٹ گزشتہ دو برس سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے اور مختلف مواقع پر دونوں کو ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد ان کے تعلقات کی خبریں سامنے آئیں۔ بعد ازاں دونوں نے اس سال ومبلڈن میں رائل باکس میں بھی ایک ساتھ شرکت کی، جہاں کئی معروف اسپورٹس شخصیات موجود تھیں۔

اینڈریو اسٹراؤس کی پہلی اہلیہ رتھ مکڈونلڈ 29 دسمبر 2018 کو پھیپھڑوں کے ایک نایاب کینسر کے باعث 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ وہ تشخیص کے صرف ایک سال بعد دنیا سے رخصت ہوئیں۔ اسٹراؤس اور رتھ کی شادی کو 15 سال ہو چکے تھے اور ان کے 2 بیٹے ہیں، جو اس وقت 19 اور 17 سال کے ہیں۔

سابق انگلش کرکٹر کی نئی اہلیہ انتونیا لینئیس پیٹ ماضی میں پی آر ایگزیکٹو کے طور پر کام کر چکی ہیں اور اس وقت لینئیس فائن آرٹ ایڈوائزری لمیٹڈ کی ڈائریکٹر ہیں۔ ان کی پرورش ہانگ کانگ میں ہوئی جب کہ انہوں نے برطانیہ کے معروف نجی ادارے سینٹ میری کیلن اسکول سے تعلیم حاصل کی۔