عمراسلم:نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی حلف برداری آج متوقع، چیئرمین سینیٹ حلف لیں گے۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ اس معاملے پر وفاقی اور پنجاب حکومت کے درمیان خط و کتابت ہوئی ہے جس کے بعد آج شام چار بجے نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کی حلف برداری متوقع ہے۔
ذرائع کےمطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے لاہورآئیں گے جس کے لیے گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
ذرائع کاکہناہےکہ ایوان صدر کو ہائیکورٹ کا حکم موصول ہوگیا اور ایوان صدر نے اس پر وزیر اعظم ہاؤس سے رائے مانگ لی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس نے چیئرمین سینٹ کو وزیراعلی کا حلف لینے کا مشورہ دیا۔
واضح رہےکہ لاہور ہائیکورٹ نے کل گورنر پنجاب کو حلف برداری سے انکار کے لیے تحریری طور پر آگاہ کرنے کی مہلت دی تھی تاہم گورنر پنجاب کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر عدالت نے صدر کو ہدایت دی تھی کہ وہ وزیراعلیٰ کی حلف برداری کے لیے کوئی اور نمائندہ مقرر کریں۔