ویب ڈیسک : کراچی سمیت ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور عوام کے لیے اس کو خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔ ٹماٹر کے مہنگے ہونے سے پریشان ہونے والے لوگ اب سوشل میڈیا پر بھی ٹماٹر کی قیمتوں کے چرچے کررہے ہیں ۔ کئی شہروں میں ٹماٹر 500 روپے فی کلو سے بھی مہنگا ہوچکا ہے ۔ ہر ہانڈی میں استعمال ہونے والا ٹماٹر قوت خرید سے باہر ہے
شہری ٹماٹر کا متبادل ڈھونڈ رہے ہیں جبکہ اب ٹماٹر سستا ہونے لگا کیونکہ کمشنر کراچی نے اس کا نوٹس لے لیا ہے اور منڈی میں سبزیوں اور فروٹس کی نیلامی کی مانیٹرنگ کرنے کی سخت ہدایت کر دی ہے۔
کمشنر کراچی نے اسسٹنٹ کمشنر گلزار ہجری عرفان نظامانی کو سبزی منڈی کی قیمتوں کی نگرانی کرنے کے لیے تعینات کیا۔ ڈپٹی کمشنر شرقی ابرار جعفر نے اس حوالے سے ایک رپورٹ بھی کمشنر کو پیش کی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ بدھ کو اسسٹنٹ کمشنر گلزار ہجری عرفان نظامانی نے سبزی منڈی کا دورہ کیا۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی اور بیورو آف سپلائی کے ہمراہ ٹماٹر کی نیلامی کی نگرانی کی۔ انتظامیہ کی جانب سے درجہ اول ٹماٹر نیلامی بھاؤ کی قیمت 207 روپے فی کلو مقرر کی ہے، جو اس سے قبل 282 روپے تھی۔ اسی طرح درجہ دوم کے ٹماٹر کی قیمت 254 روپے سے کم کر کے 141 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹماٹر کی مقامی پیداوار میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے اور اگلے دو روز میں ٹماٹر کی قیمتیں معمول پر آنا شروع ہو جائیں گی۔ کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ ٹماٹر سمیت دیگر اشیائے خور ونوش کی سرکاری قیمتوں کو سختی سے نافذ کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نومبر میں سندھ سے ٹماٹروں کی نئی فصل تیار ہوکر مارکیٹ میں آجائے گی ۔ جس کی وجہ سے ٹماٹر کا ریٹ گرنے والا ہے ۔
بدین اور پڈعیدن میں ٹماٹر کی قیمت 600 روپے کلو تک جاپہنچی ہے، وہی لاہور میں 400، پشاور اور کوئٹہ میں 350 اور کراچی میں 300 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔محکمہ ذراعت سندھ نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں سے 80 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر ٹماٹر کی فصل کو نقصان پہنچا ہے، دوبارہ کاشت کی گئی فصل نومبر میں آنے کی توقع ہے۔
ترجمان محکمہ پرائس کنٹرول پنجاب کے مطابق ٹماٹر کی سپلائی میں بہتری سے قیمتیں کم ہورہی ہیں، پنجاب بھر کی منڈیوں میں گزشتہ 2 روز میں ٹماٹر کے 281 ٹرک پہنچے ہیں۔ٹماٹر کی نئی فصل آنے سے ریٹ ٹوٹ گیا ہے قیمتیں یک دم نیچے آنے لگی ہیں ۔ مزید چند دنوں میں ٹماٹر معمول کی قیمتوں پر آجائے گا