شہری کیلئے مہنگی گاڑی خریدنا درد سر بن گیا

 شہری کیلئے مہنگی گاڑی خریدنا درد سر بن گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی ساہی) شہری کیلئے مہنگی گاڑی خریدنا درد سر بن گیا، ایکسائز کا سسٹم 12 کروڑ کی گاڑی رجسٹرڈ کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا۔ 

تفصیلات کے مطابق کروڑوں روپے مالیت کی گاڑی بیرون ملک سے منگوا کر شہری گاڑی رجسٹرڈ کرانے کے لیے محکمہ ایکسائز کے دفتر پہنچا تو پتہ چلا کہ سسٹم 12  کروڑ کی گاڑی رجسٹرڈ کرنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتا، ایکسائز سسٹم میں صرف 10 کروڑ مالیت کی گاڑی رجسٹرڈ ہو سکتی ہے۔

ڈائریکٹرریجن سی رانا قمرالحسن سجاد کا کہنا ہے کہ شہری ارجمند نے کروڑوں روپے کسٹم ڈیوٹی ادا کر کے گاڑی امپورٹ کی ہے،جس کی 50 لاکھ کے قریب رجسٹریشن فیس ہوگی، شہری ارجمند کی لیمبورگنی کو رجسٹرڈ کرنے کیلئے محکمہ ایکسائز نے پی آئی ٹی بھی کو سسٹم اپگریڈ کرنے کیلئے مراسلہ لکھ دیاہے۔

رانا قمرالحسن سجاد نے کہا کہ ای ٹی او ڈی ایچ اے ندیم چوہدری کی جانب سے بارہا پی آئی ٹی بی کو درخواست کی گئی جس پر تاحال ترمیم نہ کی جاسکی، ایک دو روز میں ترمیم متوقع ہے جس کے بعد گاڑی رجسٹرڈ کر دی جائے گی۔

واضح رہےکہ محکمہ ایکسائز نے 4 ماہ قبل 9 کروڑ 51 لاکھ مالیت کی گاڑی رجسٹرڈ کی تھی، جس پر 38 لاکھ 50 ہزارر جسٹریشن فیس وصول کی گئی تھی۔

دوسری جانب آن لائن ٹوکن ٹیکس کی وصولی محکمہ ایکسائز کے گلے پڑگئی،  رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ کے دوران محکمہ ایکسائز کو 34 کروڑ سے زائد کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا، صوبہ بھر میں گزشتہ سال کی نسبت 76 ہزار کم گاڑیوں کے ٹیکس ادا کیے گئے۔

Sughra Afzal

Content Writer