(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کےوائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ عمران خان 26 نومبرکو آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
زمان پارک لاہور میں عمران خان کی زیرصدارت پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود نے کہا کہ وزیرآباد حملے کی ایسی ایف آئی آر کاٹی گئی جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، جب تک تینوں نامزد شخصیات اپنے عہدوں پر موجودہیں ہمیں انصاف کی توقع نہیں ،اگر حکومت الیکشن کے لیے سنجیدہ ہے تومذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب شاہ محمود نے وزیردفاع کے دو دو ہاتھ کرنے کے بیان کو غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع نے چھوٹی بات کی ہے، اس قسم کی دھمیکوں پر حیران ہوں کہ کیا معیار ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بلاول نے بھی صدر کے بار ے میں ایسا بیان دیا، کیا بلاول کو ایسا بیان زیب دیتاہے ؟ سیاست میں سیاسی انداز میں مقابلہ کرنا چاہیے، حکومت کے بیانات اندرونی گھبراہٹ کے آئینہ دار ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خواجہ آصف نے کہا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق وزارت دفاع کو وزیر اعظم کا خط مل گیا، دو یا تین دن میں اہم تعیناتی کا سارا مرحلہ طے ہو جائے گا، اس مرحلے کے بعد عمران خان سے جو دو دو ہاتھ کرنے ہیں وہ بھی ہو جائے گا، ان ہی اداروں نے چار سال عمران خان کو مکمل سپورٹ کیا، عمران خان اپنی ناکامیوں کا ملبہ اداروں پر نہ ڈالیں اور ان پر حملے نہ کریں۔