تعلیمی ادارے کب بند ہوں گے؟ شفقت محمود نے بتادیا

تعلیمی ادارے کب بند ہوں گے؟ شفقت محمود نے بتادیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے،مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں بھی دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے ،اس وبا کو روکنے کیلئے حکومت نے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز  پیش کرے گی کہ اسکول بند کر دیے جائیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے بڑھتی اموات اور کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر وفاقی حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز پیش کرے گی کہ 25 نومبر سے اسکول بند کر دیے جائیں۔

نجی ٹی وی  کے پروگرام  میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تجویز ہے کہ کیمپس کے بجائے گھر  پر  پڑھائی شروع کی جائے۔اساتذہ اسکول آئیں، بچے آن لائن پڑھیں اور جہاں آن لائن کا بندوبست نہیں وہاں بچے ایک دن اسکول آکر ہوم ورک لے جایا کریں۔

خیال رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کی تجویز دینے کے ساتھ ساتھ موسم سرما میں بھی چھٹیاں نہ دینے کی تجویز پیش کی ہے۔

واضح رہے  محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے صوبے میں تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری اسکولز، سیکرٹری کالجز اور تعلیمی بورڈز کے چیئرمین شریک ہوئے، اجلاس میں کورونا کی صورت حال اور تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اسٹیئرنگ کمیٹی نے اجلاس میں تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا ہے کہ جو تعلیمی ادارے آن لائن ایجوکیشن کی طرف جانا چاہیں جا سکتے ہیں۔صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ آج کے اجلاس کا مقصد اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے سندھ کا مؤقف طے کرنا تھا، چاہتے تھے کہ سندھ میں تعلیم سے متعلق اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کیے جائیں۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer