ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب :نمبرپلیٹس پھر سرکاری سطح پر جاری کرنے کا فیصلہ

پنجاب :نمبرپلیٹس پھر سرکاری سطح پر جاری کرنے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی: پنجاب حکومت نے ایک بار پھر گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سرکاری سطح پر جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت جدید سکیورٹی فیچرز سے لیس اور ڈیٹا بیسڈ نمبر پلیٹس متعارف کرائی جائیں گی۔

حکام کے مطابق نئی نمبر پلیٹس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے گاڑیوں کی نگرانی، تصدیق اور سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ اپریل 2024 میں شہریوں کو اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس مارکیٹ سے تیار کروانے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اب دوبارہ سرکاری سطح پر نمبر پلیٹس جاری کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ ایکسائز حکام کے مطابق نئی پلیٹس سکیورٹی فیچرڈ ہوں گی اور ان میں آر ایف آئی ڈی (RFID) چپ نصب کی جائے گی، جس کے ذریعے گاڑی کی تفصیلات فوری طور پر حاصل کی جا سکیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ آر ایف آئی ڈی بیسڈ نمبر پلیٹس سکینر کے سامنے آتے ہی گاڑی کا مکمل ریکارڈ ظاہر کر سکیں گی، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو گاڑیوں کی چیکنگ اور تصدیق میں آسانی ہوگی۔ اس نظام کے ذریعے مشکوک یا مطلوب گاڑیوں کی نشاندہی بھی زیادہ مؤثر انداز میں ممکن بنائی جا سکے گی۔

ایکسائز حکام کے مطابق ماضی میں نمبر پلیٹس کی تیاری کا کنٹریکٹ مخصوص میٹریل کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے باعث ختم کر دیا گیا تھا، تاہم شہریوں کی جانب سے فیس ادا کی گئی گاڑیوں کی پلیٹس مالکان کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں آر ایف آئی ڈی بیسڈ نمبر پلیٹس نئی رجسٹرڈ گاڑیوں کو دی جائیں گی جبکہ اس منصوبے کے آغاز کیلئے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) اور محکمہ ایکسائز پنجاب کے درمیان ابتدائی اجلاس بھی ہو چکے ہیں۔