ملک اشرف : لاہور میں بسنت کے دوران پیش آنے والے حادثات سے متعلق ہوم ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ میں ہولناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پتنگ بازی کے خونی کھیل کے دوران مجموعی طور پر 17 افراد جاں بحق جبکہ 65 شہری زخمی ہوئے۔
درخواست شہری خاتون اشباء کامران کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری پنجاب کو بسنت تہوار کے حوالے سے جامع پالیسی مرتب کرنے کا حکم دیا تھا۔درخواست گزار کے مطابق عدالت نے چیف سیکرٹری کو 60 روز کے اندر پالیسی تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود تاحال اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بسنت کے دوران خونی ڈور اور پتنگ بازی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے، اس لیے عدالتی حکم پر فوری عمل درآمد ضروری تھا، مگر متعلقہ حکام نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالتی حکم عدولی پر چیف سیکرٹری پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے اور عدالت کے احکامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔