(ویب ڈیسک)بھارت کے بہترین بلے باز ویرات کوہلی آئی پی ایل 2026 میں نئےریکارڈ قائم کرنے کی راہ پر ہیں۔ ویرات کوہلی جنہوں نے گزشتہ سال رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی )کو پہلا ٹائٹل دلایا، اس سیزن میں نہ صرف آئی پی ایل کے 9,000 رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن سکتے ہیں اور ایک ٹیم میں 10،000 رنز بناسکتے ہیں۔اسکے علاوہ ٹی ٹوئنٹی رنز اور300چھکے لگانے کا انوکھا ریکارڈ بھی ان کے نشانے پر ہے۔ بھارت کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں 4,000 رن تک پہنچنے کا موقع انہیں دنیا کا سب سے کامیاب ہوم رنز کنگ بنا دے گا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل کا 19 واں سیزن قریب ہے۔ ہمیشہ کی طرح دنیائے کرکٹ کی نظریں رائل چیلنجرز بنگلور کے سپر اسٹار ویرات کوہلی پر ہیں۔ پچھلےسیزن میں 36 سالہ کھلاڑی کا دیرینہ خواب پورا ہوا، 18 سال کے انتظارکے بعد رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی ) نے پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اب مقصد ٹائٹل کا دفاع کرنا ہے اور اس عمل میں کوہلی کئی ریکارڈ بنا سکتے ہیں ۔ آئی پی ایل 2026 میں کوہلی کے نشانے پر 5 بڑے ریکارڈ ہیں۔
واضح رہے کہ کوہلی آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ اس وقت ان کے 267 میچوں میں 8,661 رن ہیں۔ اگر وہ آئی پی ایل 2026 میں مزید 339 رن بنا لیتے ہیں تو وہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں 9000 رنز؎ بنانے والے پہلے کرکٹر بن جائیں گے۔ کوہلی پہلے ہی 6000، 7000 اور 8000 رن مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
سال2008 میں انڈر 19 ڈرافٹ کے ذریعے آر سی بی میں شامل ہونے کے بعد سے کوہلی نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ وہ بنگلور کے لیے اب تک 282 ٹی 20 میچوں میں 9,085 رن بنا چکے ہیں، اگر ان کا بیٹ آئی پی ایل 2026 میں چلا اور وہ 915 رن بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ T20 کرکٹ کی تاریخ میں فرنچائز/ٹیم کیلئے10,000 رن بنانے والے واحد کھلاڑی بن جائیں گے ۔ اس فہرست میں ان کے بعد جیمز ونس اور روہت شرما ہیں لیکن وہ کوہلی سے بہت پیچھے ہیں۔ویرات کوہلی نے RCB کیلئے اب تک 291 چھکے لگائے ہیں۔ انھیں اپنی ٹیم کے لیے 300 کا ہندسہ تک پہنچنے کے لیے مزید صرف9 چھکوں کی ضرورت ہے۔ ایسا کرنے سے وہ دنیا کی امیر ترین T20 لیگ میں کسی ایک ٹیم کے لیے 300 چھکے لگانے والے پہلے بھارتی بلے بازبن جائیں گے۔
کوہلی نے بھارت میں کل 284 ٹی ٹوینٹی میچ کھیلے ہیں (ٹیم انڈیا، دہلی اور RCB کیلئے) اور 9,704 رن بنائے ہیں۔ اگر وہ اس سیزن میں 296 رن بنا لیتے ہیں تو وہ کسی ایک ملک میں 10 ہزار ٹی ٹوئنٹی رن بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن جائیں گے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر روہت شرما (8,426 رن) ہیں۔بنگلور کا ایم چناسوامی اسٹیڈیم کوہلی کا دوسرا گھر مانا جاتا ہے۔ انہوں نے یہاں 109 میچوں میں 3,618 رن بنائے ہیں۔ اگر کوہلی اس آئی پی ایل سیزن میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر مزید 382 رن کا اضافہ کرتے ہیں تو وہ دنیا کے کسی ایک اسٹیڈیم میں 4000ٹی ٹوینٹی رن بنانے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔ اگر وہ کوالیفائی کرتے ہیں تو آر سی بی کو اس سیزن میں گھر پر کم از کم پانچ اور میچ کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے، جو اس ریکارڈ کو توڑنے کے لیے کافی ہے۔