جی پی او چوک (ملک اشرف) کورونا وائرس کے خدشات، لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت کےلئے تیسرا ترمیمی ججز روسٹر جاری کر دیا گیا۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ محمد قاسم خان کی منظوری کے بعد ایڈیشنل رجسٹرارشبیر شاہ نے تیسرا ترمیمی ججز روسٹر جاری کیا ہے، ڈویژن بنچ نمبر ایک میں چیف جسٹس محمد قاسم خان اور جسٹس مرزا وقاص روف تمام نوعیت کے کیسز کی سماعت کریں گے، ڈویژن بنچ نمبردومیں جسٹس محمد امیر بھٹی اور جسٹس عاطر محمود، جسٹس عائشہ اے ملک اور جسٹس جواد حسن پرمشتمل ڈویژن بنچ نمبر 3 ٹیکس، کمرشل سمیت دیگر کیسز کی سماعت کرے گا۔
ڈویژن بنچ نمبر 4 میں جسٹس شاہد بلال حسن اور جسٹس چودھری محمد اقبال شامل ہیں، جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس شاہد کریم پر مشتمل ڈویژن بنچ نمبر5 کمرشل انٹرا کورٹ اپیلوں سمیت دیگر کیسز سنے گا، ڈویژن بنچ نمبر6 میں جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال انسداد دہشت گردی سمیت فوجداری نوعیت کے مقدمات کی سماعت کریں گے۔
جسٹس شاہد جمیل خان اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی پر مشتمل ڈویژن بنچ نمبر سات کمرشل، بینکنگ، ٹیکس سمیت دیگر کیسز کی سماعت کرے گا، ڈویژن بنچ نمبر8 میں جسٹس چودھری مشتاق احمد اور جسٹس شہرام سرور چودھری قتل کی اپیلوں اور ریفرنسز سمیت دیگر فوجداری مقدمات سنیں گے، ڈویژن بنچ نمبر 9 میں جسٹس سردار احمد نعیم اور جسٹس فاروق حیدرنیب کیسز سمیت دیگر، جسٹس مجاہد مستقیم احمد اور جسٹس محمد وحید خان پرمشتمل ڈویژن بنچ نمبر10 منشیات سمیت دیگر فوجداری جبکہ دو رکنی بنچز میں شامل تمام ججز سنگل بنچ کی حیثیت سے بھی مقدمات کی سماعت کریں گے۔
جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقرنجفی، جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس چودھری مسعود جہانگیر اور جسٹس شکیل الرحمان خان صرف سنگل بنچز کی حیثیت سے مقدمات کی سماعت کریں گے۔