لاہور میں جزوی لاک ڈاؤن، شاپنگ مالز، مارکیٹیں اور پارکس بند

لاہور میں جزوی لاک ڈاؤن، شاپنگ مالز، مارکیٹیں اور پارکس بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (زاہد چودھری،علی اکبر) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس دنیا کے 186 ممالک میں  پھیل چکی ہے، دنیا بھر میں اب تک اس وائرس کے 2 لاکھ 77 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

پاکستان میں کورنا وائرس کے مریضوں کی تعداد 729ہوگئی

پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے پنچے گاڑ لیے، پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 234 کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 729 ہو گئی ہے، کراچی میں مزید 105، سندھ میں 259، پنجاب میں 222، بلوچستان میں 53، خیبر پختونخوا میں 27 بلوچستان میں 103 اور گلگت میں30،آزاد جموں کشمیر میں ایک اسلام آباد میں نئے کیسز سامنے آئے ہیں، سندھ میں ایک مریض صحت یاب ہوگیا ۔

لاہور میں جزوی لاک ڈاؤن

ترجمان پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کے مطابق لاہور میں کورونا کے کنفرم مریضوں کی تعداد 21 ہوگئی، جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 152 کنفرم مریض ہیں، لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے جزوی لاک ڈاؤن کردیا گیا، لاہور میں شاپنگ مالز، مارکیٹیں اور تفریحی مقامات بند ہیں تاہم دودھ، کریانہ، مٹن، چکن، نان شاپس، پٹرول پمپس، فارمیسی، بیکریاں، فروٹ اور سبزی منڈیاں اور شاپس کھلی ہیں، تاجروں نے حکومتی کال پر اتوار کے روز دکانوں کے باہر لگنے والے تھڑی بازاروں کو لگانے سے بھی منع کردیا۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس میں شاپنگ مالز، مارکیٹیں، پارکس منگل کی صبح 9 بجے تک بندکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے  ہوٹلز اور ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے سروس جاری رہے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ بند نہیں کی جائے گی، تاہم عوام غیر ضروری طور پر سفر سے گریز کریں، متعلقہ محکموں کو ہدایات کی گئی ہے کہ کسی دکاندار کو ناجائز تنگ یا پریشان نہ کیا جائے۔

لاہور کی  مارکیٹیں بند

آج شہر کی مارکیٹوں میں ہوُ کا عالم ہے،تاہم بند ریسٹورنٹ پر پارسل کیلئےقلیل تعداد میں گاہکوں کی آمد کا سلسلہ جاری  ہے، حکومت پنجاب نےریسٹورنٹس کو ہوم ڈلیوری اور ٹیک آوے کی اجازت دے رکھی ہے.

خیال رہےکہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے عالمی سطح پر میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی جس کے بعد ہر ملک کی جانب سے کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پنجاب حکومت  نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاہور سمیت صوبے بھر  میں تعلیمی ادارے، سینما گھر اور شادی ہالز بھی بند کروادیئے، دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے ۔

کورونا وائرس کے کیا علامات ہیں؟

ذرائع کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔

کورونا وائرس سے کیسے بچا جائے؟

اس جان لیوا وائرس سے بچنے کیلئے طبی ماہرین کی جانب سے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لوگوں سے ہاتھ ملانے ، میل جول اور خاص طور پر انجان لوگوں سے دور رہیں، کئی اداروں میں ایکدوسرے سے ہاتھ ملانےپر پابندی عائد کردی گئی۔

شہری کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اللہ سے خیروعافیت کی دُعا کریں، بیماریوں سے پناہ مانگیں اور مندرجہ ذیل دُعا پڑھیں:

اَللّٰہُمَّ اِنّیِ اَعُُوذُبِکَ مِنَ البَرَصِ وَالجنونِ وَالجُذَامِ وَ مِن سَیِئی الا سقَام (آمین)

’’ ا ے اللہ! میں آپ کی پناہ مانگتا ہوں برص سے، دماغی خرابی سے، کوڑھ سے اور ہر قسم کی بُری بیماریوں سے۔‘‘

جامعۃ المنتظر کے مہتم اعلیٰ مولانا سید نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ احتیاط کے ساتھ سورہ الکوثر اور سورہ والناس کو پڑھ کر پانی پی لیں تاکہ ہر قسم کے وائرس سے محفوظ رہ سکیں ۔

Sughra Afzal

Content Writer