عرفان ملک: پنجاب میں پہلی بار آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کی مدد سے محرم الحرام کے لیے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اس جدید نظام کے تحت حساس جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کو ڈیٹا بیسڈ اور پیشگی خطرات کے تجزیے کے ساتھ ترتیب دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ محرم سکیورٹی کے لیے اے آئی بیسڈ پیشگی وارننگ سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جو ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی کرے گا اور سکیورٹی اداروں کو فوری الرٹس فراہم کرے گا۔
پولیس کے مطابق حساس جلوسوں اور مجالس کا 10 سالہ سکیورٹی ریکارڈ ڈیجیٹلائز کر لیا گیا ہے، جس کی بنیاد پر نئی خطرے کی درجہ بندی (risk grading) تیار کی گئی ہے۔ اسی ڈیٹا کی مدد سے محرم کے دوران سکیورٹی تعیناتیوں کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی آئی سافٹ ویئر مکمل طور پر فعال ہے، جس کے ذریعے جلوس کے آغاز سے اختتام تک مرکزی کنٹرول روم کو ریئل ٹائم مانیٹرنگ دستیاب ہوگی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت بڑے شہروں میں سکیورٹی نفری کی تعیناتی اب اے آئی الرٹس کے مطابق ایڈجسٹ کی جا سکے گی، جبکہ حساس مقامات کی جیو میپنگ مکمل کر کے ہائی رسک روٹس کی الگ نشاندہی بھی کر دی گئی ہے۔
پولیس، سپیشل برانچ اور ضلعی انتظامیہ کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ معلومات کا فوری تبادلہ اور مؤثر کوآرڈینیشن ممکن بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس جدید نظام کا مقصد محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کو مزید مؤثر، بروقت اور ڈیٹا پر مبنی بنانا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی پیشگی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔