سعید احمد:فیول کی عالمی اور مقامی قیمتوں میں کمی کے بعد تاجر برادری نے حکومت سے کاروباری اوقات پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
آل پاکستان پان سگریٹ ایسوسی ایشن نے بھی دکانوں اور مارکیٹوں کے اوقات کار محدود کرنے سے متعلق پابندیوں کو ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ موجودہ حالات میں ان پابندیوں کی ضرورت باقی نہیں رہی۔
ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر وسیم علی نے کہا کہ کفایت شعاری مہم کے تحت دکانوں اور مارکیٹوں کے اوقات کار میں کمی کی گئی تھی، تاہم اب عالمی فیول کرائسز میں بہتری اور حالات کے استحکام کے بعد ان پابندیوں پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے مشکل وقت میں حکومتی فیصلوں کا مکمل احترام کیا اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے تعاون جاری رکھا۔
وسیم علی نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر امن کی بہتر صورتحال میں حکومتی سطح پر بھی کفایت شعاری مہم کے اثرات کم ہو رہے ہیں، اس لیے کاروباری سرگرمیوں کو مکمل آزادی دی جانی چاہیے تاکہ معیشت مزید مستحکم ہو سکے۔
انہوں نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے لیے ان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
تاجر رہنماؤں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ تمام کاروباری مراکز کو آزادانہ طور پر کاروبار کرنے کا موقع فراہم کیا جائے اور اوقات کار کی پابندیوں کا خاتمہ کر کے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔