( حسن علی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی لاہور ایوان صنعت و تجارت آمد، تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل سنے، کہتے ہیں کہ عید کے بعد ریسٹورانٹ مالکان کے ساتھ مل کر ایس او پیز تیار کریں کے کھول دیں گے جبکہ شادی ہال ستمبر میں کرونا کی صورتحال کو دیکھ کر کھولے جائیں گے تاہم اس کے لئے این سی او سی کی اجازت لازم ہوگی۔
لاہور ایوان صنعت و تجارت میں تاجروں اور صنعتکاروں نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام، نائب صدر میاں زہد جاوید سمیت شہر بھر کے تاجروں اور صنعتکاروں نے شرکت کی۔ صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ کاروبار کیلئے ہفتہ وار سات دن چوبیس گھنٹے کام کی اجازت ہونا ضروری ہے جبکہ صنعتکاروں اور تاجروں کو واسا اور ایل ڈی اے سے مسائل ہیں جن کو حل کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسٹورانٹ، شادی ہال، سنوکر کلب سمیت دیگر کاروبار کو کھولا جائے تاکہ لوگوں کا روزگار چلے۔
اس موقع پر صوبائیء وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے واضح طور پر کہہ دیا کہ عید پر مارکیٹیں 24 گھنٹے یا ہفتے میں 7 روز کھولنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد ریسٹورانٹ مالکان کے ساتھ مل کر ایس او پیز بنا کر ریسٹورانٹس کھولیں گے جبکہ شادی ہال ستمبر میں کرونا وائرس کے حالات کو مد نظر رکھنے کے بعد کھولے جائیں گے تاہم ریسٹورانٹس اور شادی ہال کھولنے کے لئے حتمی فیصلہ این سی او سی کرے گی۔
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ واسا، ایل ڈی اے اور دیگر محکموں سے جو بھی مسائل ہیں ان کو حل کیا جائے گا اور کسی بھی ادارے کو تاجروں اور صنعتکاروں کو ہراساں نہیں کرنے دیا جائے گا۔