ملک اشرف: طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے ملزم امیر فتح کی پانچ لاکھ روپے مچلکوں کے عوض عبوری درخواست ضمانت منظورکرلی۔
جسٹس محمد امجد رفیق نے ملزم امیر فتح کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی،ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے ملزم امیر فتح عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کی جانب سے عابد ساقی ایڈوکیٹ نے دلائل دئیے،پراسیکیوشن کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل رانا محمد عمران انجم پیش ہوئے اوراچھرہ پولیس کی جانب سے مقدمہ کا ریکارڈ پیش کیا۔
ملزم کے خلاف تھانہ اچھرہ میں دو ستمبر 2024 کو قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے جومقتول کے بیٹے حمزہ جاوید کی مدعیت میں درج کروایا گیاتھا۔
ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے بتایاپولیس رپورٹ کے مطابق امیر فتح قتل کی پلاننگ اور اعانت جرم کی حد تک ملوث ہے، ایف آئی آرکے مطابق ملزم نے دو موٹر سائیکل سواروں کے ذریعے کینال روڈ شاہ جمال اچھرہ اشارے پر فائرنگ کروائی جس سے والد محمد جاوید موقع پر ہلاک اوروالدہ شدید زخمی ہوئیں ، جنہیں سروسز ہسپتال پہنچایا گیا ۔
ملزم کی پیشی کے موقع پر ہائیکورٹ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔