سروسز ہسپتال میں ڈاکٹروں کی قلت، پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع

سروسز ہسپتال میں ڈاکٹروں کی قلت، پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع
کیپشن: City42 - Doctors , Punjab Assembly
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی اکبر) مسلم لیگ (ق) نے سروسز ہسپتال میں ڈاکٹروں کی قلت کے خلاف پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کارجمع کرا دی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے سروسز ہسپتال میں بھی ڈاکٹرز کی قلت اور 50 فیصد سیٹیں عرصہ دراز سے خالی ہونے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرا دی، تحریک التوائے کار میں کہا گیا ہے کہ سروسز ہسپتال میں ٹیچنگ کیڈر کےعلاوہ 351 ڈاکٹرزکی سیٹیں منظور کی گئیں، ان میں سے179 سیٹوں پر ڈاکٹرز ہی موجود نہیں جبکہ ڈی ایم ایس کی 4 سیٹیں بھی خالی ہیں، اتنی بڑی تعداد میں آسامیاں خالی ہونے کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹرز بھی اضافی بوجھ تلے کام کرنے پر مجبور ہیں۔

خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ سروسز ہسپتال میں گریڈ19 میں ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی 5 سیٹیں ہیں لیکن یہ بھی خالی پڑی ہیں، اسی طرح گریڈ 18 کی ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی 3 آسامیوں پر کوئی تعیناتی نہ ہوسکی جبکہ میڈیکل سپیشلسٹ اور سرجیکل سپیشلسٹ کی ایک ایک اور ریڈیالوجسٹ کی 3 سیٹوں کے علاوہ مختلف کیڈر میں ڈاکٹرز کی آسامیاں خالی ہیں جس کے باعث ہسپتال مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ایوان کو بتایا جائے کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سےسروسز ہسپتال سمیت پنجاب کے ہسپتالوں میں خالی آسامیاں کب تک پُر کی جائیں گی اوران کی راہ میں کیا رکاوٹیں حائل ہیں۔