عہدِ وفا کی آخری قسط سینما گھروں میں دکھانے کا امکان

عہدِ وفا کی آخری قسط سینما گھروں میں دکھانے کا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (زین مدنی) ڈرامہ میرے پاس تم ہو کے بعد اب عہدِ وفا کی آخری قسط بھی پاکستان بھر کے سنیماﺅں میں دکھانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

 آئی ایس پی آر کے تعاون سے بنایا جانے والا ڈرامہ عہدِ وفا چار دوستوں کی کہانی پر مبنیٰ ہے، ڈرامے کے چار مرکزی کردار احد رضا میر، اسامہ خالد بٹ، وہاج علی اور علی اکبر شامل ہیں جبکہ ڈرامے میں زارہ نور عباس اور علیزے شاہ بھی شامل ہیں۔ سیفی حسن کی ہدایت کاری میں بننے والا یہ ڈرامہ 24 اقساط پر مشتمل تھا جو اب اپنے اختتامی مراحل میں بھی داخل ہو چکا ہے۔

 ڈرامے کی مقبولیت کے پیش نظر ڈرامہ عہدِ وفا کو بھی ڈرامہ میرے پاس تم ہو کی آخری قسط کی طرح سینما گھروں میں دکھانے کا امکان ہے تاہم اس بارے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ ایک اہم کردار، شاہزین اعلیٰ تعلیم یافتہ بھی نہیں ہیں مگر اپنے دادا کے اثر و رسوخ کے باعث باآسانی رکنِ پارلیمان بن گئے ہیں، شاہزین بطور سیاست دان میڈیا پر اثرانداز ہو کر اپنے ہی دوست کو پہلے نوکری سے نکلواتے اور پھر دوبارہ ملازمت دلواتے دکھائی دیتے ہیں اور ساتھ ہی وہ سول سروس میں انتخاب کے نظام پر اثر انداز ہونے کی بات بھی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ 17 فروری کو لاہور ہائیکورٹ میں ڈرامہ عہد وفا پر پابندی کے لئے درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں درخواستگزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ڈرامہ عہد وفا میں سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کی جا رہی ہے ،عہد وفا ڈرامہ میں سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی سے بیرونی دنیا میں پاکستان بارے منفی تاثر جارہا ہے۔

19 فروری کو لاہور ہائیکورٹ کے  جسٹس  شاہد وحید نے  ڈرامہ پر پابندی کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی اور اسے ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردیا۔

Sughra Afzal

Content Writer