(عیشہ خان) دس روزقبل اغواء ہونے والے سات بچوں کے باپ کی تشدد زدہ لاش دریائے راوی کے قریب سے مل گئی۔ لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ غلام محی الدین کو اس کے بھائی اور بھتیجوں نے جائیداد کے تنازعہ پرقتل کیا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔
تفصیلات کے مطابق بیگم کوٹ کے رہائشی غلام محی الدین کو دس روز قبل اغواء کیا گیا۔ دریائے راوی کے قریب سے ایک مشکوک بوری برآمد ہوئی جسے کھولنے پر پتہ چلا کہ اُس میں 47 سالہ مغوی غلام محی الدین کی لاش ہے۔ جس پر تشدد کے واضح نشانات ہیں جبکہ ہاتھ بھی کاٹ دیئے گئے ہیں۔
مقتول کے اہل خانہ کے مطابق دس روز قبل تھانہ شاہدرہ میں اغواء کا مقدمہ درج کرایا گیا۔ غلام محی الدین کا اپنے بھائیوں کے ساتھ وراثتی زمین کا تنازع دو سال سے چل رہا تھا۔
لواحقین کا الزام ہے کہ زمین پر قابض بھائی اور بھتیجوں نے حق مانگنے پر اغواء کے بعد قتل کیاہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائیداد کے تنازع پر قتل سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔ لواحقین کی جانب سے نامزد ملزمان فرار ہیں جن کی گرفتاری کی کوششیں کی جارہی ہیں۔