تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ

تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( جنید ریاض ) فیڈریشن آف رجسٹرڈ سکولز پنجاب اور پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن پاکستان نے 11 جنوری سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ کردیا۔ 

والٹن میں فیڈریشن آف رجسٹرڈ سکولز پنجاب اور پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن پاکستان کے زیر اہتمام قومی تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ محمد اکرم کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سکولز کو 11 جنوری سے کھولنے کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اڑھائی کروڑ بچے پہلے ہی سکولوں سے باہر ہیں، آن لائن تدریس سے مزید بچوں کے سکول چھوڑ جانے کا خدشہ ہے۔

ملک خالد کا کہنا تھا کہ انٹر کلاسز کو معمول کے مطابق لگانے کی اجازت دی جائے، تعلیمی سال یکم اگست کی بجائے یکم اپریل سے ہی شروع کیا جائے۔ ملک خالد نے مزید کہا کہ تعلیمی سال آگے لے جانے سے نئے داخل ہونیوالے بچوں کا تعلیمی نقصان ہوگا۔

عقیل رزاق کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث نجی تعلیمی ادارے مالی بحران کا شکار ہیں، حکومت نجی تعلیمی اداروں کیلئے فوری امدادی پیکج کا اعلان کرے۔ کانفرنس میں محمدنواز، محمد افضل، سید طارق اور چودھری محمد اقبال سمیت صوبہ بھر سے نجی سکولز مالکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔