ویب ڈیسک: ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (WWE) کے لیجنڈ اور ریکارڈ 17 بار کے ورلڈ چیمپئن جان سینا کے شاندار ریسلنگ کیریئر کے اختتام کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
جان سینا دسمبر 2025 میں اپنے کیریئر کا آخری میچ لڑیں گے جس کا اعلان WWE اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم "پی کاک" (Peacock) کے درمیان نئے معاہدے کے بعد کیا گیا۔
معاہدے کے مطابق ہفتہ کی رات کو ہونے والے "مین ایونٹ" کو سال میں چار بار خصوصی طور پر نشر کیا جائے گا۔ اگلے دو خصوصی ایونٹس کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جو کہ یکم نومبر 2025اور 13 دسمبر 2025 ہے۔
13 دسمبر کا ایونٹ ریسلنگ فینز کے لیے تاریخی لمحہ ہوگا کیونکہ اسی دن جان سینا رنگ میں آخری بار جلوہ گر ہوں گے۔
دنیا بھر کے کروڑوں ریسلنگ مداحوں کے لیے یہ خبر خوشی اور اداسی کا امتزاج ہے۔ خوشی اس بات کی کہ وہ ایک آخری بار جان سینا کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے اور اداسی اس حقیقت کی کہ یہ ایک عہد کا اختتام ہوگا۔
یاد رہے کہ جان سینا نے گزشتہ سال اپنے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ 2025 ان کا ریسلنگ کیریئر کا آخری سال ہوگا۔ انہوں نے WWE میں دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزارا اور 17 بار ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
جان سینا نہ صرف ریسلنگ کے شوقین افراد کے دلوں کی دھڑکن رہے بلکہ انہوں نے ہالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان کی آخری فائٹ کو WWE کی تاریخ کے سب سے بڑے لمحات میں شمار کیا جارہا ہے۔