ثمرہ فاطمہ: شہر میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے،ہوائیں تھمنے سے حبس اور گھٹن کی کیفیت ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا، شہر میں آج بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بادل پھر برس پڑے، شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔
شہر قائد کے مختلف علاقوں نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، صفورا میں برسات ہوئی، گلشن اقبال،ناردرن بائی پاس، شاہ فیصل ٹاؤن، ملیر کینٹ، طارق بن زیاد اور اطراف میں بھی بادل برسے۔
یونیورسٹی روڈ، پرانی سبزی منڈی کے قریب پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، چاندنی چوک کے اطراف نالے ابل پڑے، شہر میں تعلیمی ادارے بند رہے، طوفانی بارش کے بعد مختلف سڑکوں پر تاحال پانی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم 23 اگست تک اثر انداز رہنے کا امکان ہے۔