(ویب ڈیسک)لاہور میں ٹک ٹاکر لڑکی عائشہ اکرم کے ساتھ غیراخلاقی حرکت اور دست درازی کے واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں جبکہ مینار پاکستان واقعہ کے بعد ٹک ٹا کر عائشہ کے اہل خانہ کے متضاد بیانات نے کئی سوال اٹھا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق 14 اگست کے دن گریٹر اقبال پارک میں ہونے والے واقعہ نےخواتین میں مزید خوف وہراس پھیلادیا ہے،اس واقعہ کے بعد عائشہ کے قریبی دوست بھی منظر سے غائب ہو گئے ہیں،جب کہ عائشہ کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرنے سے انکار کردیاہے۔
والدہ کے مطابق ان کی بیٹی کبھی گھر سے باہر نہیں نکلی،14 اگست کے دن ڈیوٹی سے واپسی پر مینار پاکستان گئی،عائشہ کے ساتھ ویڈیوز میں اداکاری کرنے والے نوجوان ریمبو سے متعلق سوال پر اہل خانہ ٹال مٹول سے کام لیتے رہے، عائشہ کے اہل خانہ نے پہلے اسے رشتہ دار اور بعد میں عائشہ کا دوست بتایا، ریمبو عائشہ کے گھر ہی رہائش پذیر ہے، واقعہ والے دن بھی دونوں ساتھ ہی تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سٹی 42 کے پروگرام "مجرم کون" میں انٹرویو دیتے ہوئے ٹک ٹاکر عائشہ کے ساتھ موجود لڑکے ریمبو نے بتایا کہ اس کا تعلق گجرات سے ہے، ہمارے بارے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ میں اور عائشہ میاں بیوی ہیں،اس پر تفصیلی بات کرتے ہوئے ریمبو کا کہناتھا کہ عائشہ کو بہن، دوست سمجھتا ہوں، میں غریب ہوں انہوں نے مجھے بہت سپورٹ کیا، ہم 2 سال سے ایک ساتھ ہیں۔
ریمبو کا کہناتھا کہ میں شادی شدہ ہوں، عائشہ کی شادی نہیں ہوئی، ہمارے درمیان اور کوئی بات نہیں بس ہم مل کرٹک ٹاک ویڈیوز بناتے ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور میں مینارِ پاکستان کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو ہراسگی اور بدتمیزی کا نشانہ بنانے کا واقعہ 14 اگست کے روز پیش آیا تھا، یومِ آزادی کے موقع پر خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے ہوئی دست درازی کا خوفناک واقعہ 3 روز بعد سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا۔