(مانیٹرنگ ڈیسک) باغبانپورہ کے علاقہ سلامت پورہ میں انسانیت سوز واقعہ، تئیس سالہ فیکٹری ملازم کے جسم میں ساتھیوں نے زہریلی گیس بھر دی۔
پولیس کے مطابق واقعہ سلامت پورہ میں فلٹر بنانے والی ایک فیکٹری میں پیش آیا، جہاں ملزم حیدر علی، امتیاز اور امجد نے ساتھی نعمان کے جسم میں زہریلی گیس بھر دی، جس سے نوجوان کی حالت غیر ہو گئی۔ متاثرہ نوجوان کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق باغبانپورہ پولیس نے متاثرہ نوجوان کے والد شاہد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے واقعہ میں ملوث 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
دوسری جانب شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے فیکٹری گودام میں گھس کر تاجر کو قتل کردیا، پولیس کے مطابق مقتول افضال کوٹ عبدالمالک کا رہائشی تھا، ملزمان نے گودام میں گھس کر فائرنگ کی جس سے افضال کی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخصانہ لگتا ہے، مزید تحقیقات کے لیے مقتول کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔
شہر میں بڑھتے ہوئے تشدد و قتل کے واقعات ہمارے معاشرے میں پائی جانیوالی بے چینی، عدم برداشت اور لاقانونیت کی عکاسی کرتے ہیں، ایسے واقعات سے بچنے کیلئے جہاں ہمیں اپنے رویوں میں بہتری لاکر مہذب شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا، تو وہاں حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ قانون کی حاکمیت کویقینی بنائے، تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی سے ایسے واقعات میں کمی لائی جاسکے۔