ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

15سالہ بھارتی بیٹسمین نے آئی پی ایل میں ریکارڈ قائم کردیئے،بالرز پریشان،شائقین حیران

15سالہ بھارتی بیٹسمین نے آئی پی ایل میں ریکارڈ قائم کردیئے،بالرز پریشان،شائقین حیران
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) بھارت کے ابھرتے ہوئے نوجوان بیٹسمین ویبھو سوریہ ونشی جب آئی پی ایل میں  لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف میچ میں بیٹنگ کے لیے اترے تو ان کے سامنے ریکارڈز کی ایک طویل فہرست تھی۔ میچ کی دوسری ہی گیند پر جب ویبھو کے بلے سے گیند باؤنڈری لائن کے پار چوکا لگایا تو پورا اسٹیڈیم تالیوں کی گونج سے بھر گیا۔ اس ایک شاٹ کے ساتھ ہی انہوں نے آئی پی ایل میں اپنے 500 رنز مکمل کر لیے۔ ویبھو اب آئی پی ایل کی تاریخ میں 500 رنز کا ہندسہ چھونے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔

بھارت کے ایک اردو چینل کی ویب نیوز کے  مطابق    ویبھو سوریہ ونشی ریکارڈز کا سلسلہ یہیں نہیں رکا۔ ویبھو سوریہ ونشی آئی پی ایل میں ‘گیندوں’ کے لحاظ سے سب سے تیز 500 رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ محض 227 گیندوں میں حاصل کر لیا۔ ویبھو نے اس معاملے میں آسٹریلیا کے دھماکہ خیز بلے باز گلین میکسویل کے پرانے ریکارڈ کو توڑ دیا، جنہوں نے 260 گیندوں میں یہ کامیابی حاصل کی تھی۔ اس فہرست میں ویبھو اور میکسویل کے بعد پریانش آریہ کا نام آتا ہے جنہوں نے 278 گیندیں کھیلیں، جبکہ وریندر سہواگ 280، نمن دھیر 283 اور ٹریوس ہیڈ 284  جیسے جارحانہ بلے باز بھی ویبھو کی رفتار کے سامنے پیچھے رہ گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ویبھو کی یہ کامیابی اسلئے بھی خاص ہے کیونکہ انہوں نے یہ مقام صرف 14 اننگز میں حاصل کیا ہے۔ اگر ہم اننگز کے لحاظ سے بات کریں تو ویبھو سوریہ ونشی آئی پی ایل میں سب سے تیز 500 رنز بنانے والے بھارتی بلے باز بن گئے ہیں۔ پورے آئی پی ایل کی تاریخ میں وہ اس سنگ میل تک پہنچنے والے مشترکہ طور پر تیسرے تیز ترین بلے باز ہیں۔ ان سے آگے صرف آسٹریلیا کے شان مارش 11 اننگز اور میتھیو ہیڈن 13 اننگز  ہیں۔ ویبھو نے 14 اننگز کے ساتھ لینڈل سمنز کی برابری کی ہے، جبکہ انہوں نے سائی سدرشن، ڈیون کون وے اور جونی بیئرسٹو 16 اننگز کے ساتھ ساتھ رتوراج گائیکواڑ اور مائیکل ہسی 17 اننگز جیسے بڑے کھلاڑیوں کو کافی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

آئی پی ایل  کے گزشتہ سیزن میں ویبھو سوریہ ونشی نے اپنا ڈیبیو کیا تھا اور تب سے وہ ہر میچ کے ساتھ اپنی صلاحیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز کی سب سے بڑی خوبی ان کا بے خوف انداز اور گیندوں کو ٹائم کرنے کی مہارت ہے۔ 15 سال کی عمر میں، جہاں بچے اپنی اسکولی تعلیم پر توجہ دیتے ہیں، ویبھو دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ میں بڑے بڑے گیند بازوں کو مشکل میں ڈالتے نظر آتے ہیں۔