(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مجاہد مستقیم احمد کی ریٹائرمنٹ میں صرف ایک روز باقی رہ گیا، جسٹس مجاہد مستقیم احمد باسٹھ سال کی عمر پوری ہونے پر چوبیس اپریل کو ریٹائر ہوجائیں گے، جس کے بعدلاہورہائی کورٹ میں ججوں کی خالی آسامیوں کی تعداد20 ہو جائے گی، ماتحت عدالتوں میں بھی ججوں کی 700 سے زائد آسامیاں خالی ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مجاہد مستقیم احمد کے اعزاز میں چوبیس اپریل کو الوادعی تقریب ہوگی، ہائیکورٹ کے ججز لاؤنج میں ہونے والی تقریب میں چیف جسٹس محمد قاسم سمیت دیگر ججز شرکت کریں گے، الوادعی تقریب میں پرنسپل سیٹ پر کام کرنے والے ججز شرکت کریں گے، چیف جسٹس اور ججز جسٹس مجاہد مستقیم احمد کو سو وینئراور پھولوں کے ساتھ رخصت کریں گے، جسٹس مجاہد مستقیم احمد چھبیس نومبر دو ہزار سولہ کو لاہور ہائیکورٹ کے جج تعینات ہوئے، جسٹس مجاہد مستقیم احمد لاہور ہائیکورٹ کا جج بننے سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدے پر بھی فائز رہےہیں، جسٹس مجاہد مستقیم احمد کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہائیکورٹ میں ججز کی خالی آسامیوں کی تعداد 20 ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس مامون رشید شیخ سمیت 13 ججز میں سے کچھ رواں سال ریٹائر ہو گئے ہیں جبکہ کچھ کی مدت ملازمت باقی پڑی ہے، سیشن جج صارف عدالت عبدالحفیظ 13اگست کو ریٹائر ہوں گے، اسپیشل جج انسداد دہشتگردی کورٹ لاہور عبدالقیوم خان 17 اگست کو ریٹائر ہوں گے، سینئر سپیشل جج انٹی کرپشن لاہور بہادر علی خان یکم ستمبر کو ریٹائر ہوں گے، سپیشل جج اینٹی کرپشن کورٹ فیصل آباد رانا آفتاب احمد خان بھی رواں سال 31 اکتوبرکو ریٹائر ہوں گے، رجسٹرار لاہورہائیکورٹ اشتر عباس رواں سال 27 نومبر کو ریٹائر ہوں گے، جج صارف عدالت سرگودھا ملک خضر حیات 30 نومبر کو ریٹائر ہوں گے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملتان سہیل اکرام 31 دسمبر 2020 کو ریٹائر ہوں گے۔