شہباز علی: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بڑا اقدام سامنے آ گیا ہے۔
محسن نقوی نے تاریخ میں پہلی بار انڈر 19 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انگلینڈ میں شاندار کارکردگی پر نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔
چیئرمین پی سی بی فرداً فرداً تمام کھلاڑیوں سے ملے اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے نوجوان کرکٹرز کو بہتر کارکردگی کی ترغیب ملے گی اور اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھے گا
کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ انڈر 19 ترقیاتی کیمپوں سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوا اور مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ کھلاڑی عالیان سلمان کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھا ہے، اب کرکٹ پر مزید توجہ دیں گے۔
جہانگیر بلال نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس کے ذریعے نوجوان کھلاڑی اپنے اہل خانہ کی معاونت بھی کر سکیں گے جبکہ رضوان اللہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کھلاڑیوں کی بڑی حوصلہ افزائی ہے۔