یوم عاشور پر ہر آنکھ اشکبار، ہرطرف یاحسینؑ، یا حسینؑ کی صدائیں

یوم عاشور پر ہر آنکھ اشکبار، ہرطرف یاحسینؑ، یا حسینؑ کی صدائیں
کیپشن: City42 - Youm-e-Ashur
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42) نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقا کی میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور پر لاہور سمیت ملک بھر میں جلوس برآمد اور مجالس عزا برپا کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔

قتلِ حسین اصل میں مرگ یزید ہے

اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ  اور ان کے ساتھیوں  نے میدان کربلا میں 10 محرم الحرام کو اسلام کی بقاء کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایسی مثال قائم کی، جس نے رہتی دنیا تک حق اور باطل کے درمیان واضح حد قائم کردی۔ آج فرازندان اسلام انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

حضرت امام حسین علیہ اسلام کی سواری ذوالجناح

حضرت امام حسین علیہ اسلام کی سواری شبیہ ذوالجناح کو بھی خاص اہمیت حاصل ہے,ذوالجناح حضرت امام حسینؑ کی وہ سواری تھی جسے رسول اکرم ﷺ نے پالا تھا، ذوالجناح کے پہلے سوار حضرت محمدﷺ اور دوسرے امام حسین علیہ السلام تھے،ذوالجناح حضرت امام حسینؑ کی سواری تھی جس نے بچپن سے حضرت امام حسین کے ساتھ پرورش پائی اور واقع کربلا میں امام حسین کی شہادت کا یہ بھی ایک گواہ ہے ۔ 

غریب سادہ و رنگیں ہے داستان حرم

نہایت اس کی حسین ابتدا ہے اسماعیل

یوم عاشور کا مرکزی جلوس

یوم عاشور کے موقع پر لاہور میں جلوس اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف مقامات سے شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں، ہر آنکھ اشکبار ہے، فضائیں یاحسینؑ یا حسینؑ کی صداؤں سے گونج اُٹھیں۔لاہور نثار حویلی سے برآمد ہونیوالا شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے، جو شام کو کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ مرکزی جلوس میں عزادار نوحہ خوانی،گریہ زاری اور ماتم داری کر رہے ہیں۔

 شاہ است حسینؑ ،بادشاہ است حسینؑ

دین است حسینؑ، دین پنا حسینؑ

ایبٹ روڈ امام بارگاہ گلستان زہرا میں مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا، مجلس عزا میں گلفام حسین ہاشمی نے فضائل ومصائب اہلِ بیت بیان کیے۔ جس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس محلہ شیعاں پہنچ گیا جہاں مسجد کشمیری میں اذان علی اکبرؑ دی گئی۔

 نہ یزید کا وہ ستم رہا نہ وہ ظلم ابن زیاد کا

جو رہا تو نام حسینؑ کا جسے زندہ رکھتی ہے کربلا

ماڈ ل ٹاؤن میں بھی مجلس عزا منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر سرفراز حیدر کاظمی نے فضائل و مصائب اہل بیت بیان کیے۔جس پر شرکا خانوادہ رسولﷺ پر ہونے والے ظلم و ستم کو یاد کر کے زاروقطار آنسو بہاتے رہے۔مجلس کے اختتام پر تعزیہ و علم کا جلوس برآمد ہوا جس میں عزادروں نے نوحہ خوانی اور ماتم داری کی۔

خاک کربلا کی تسبیح کی زیارت

امام بارگاہ گلستان زہرا میں نماز ظہرین کے بعد عزاداروں کوخاک کربلاکی قدیمی تسبیح کی زیارت کرائی گئی، اس موقع پرعزادار اشکبارنظرآئے اور تسبیح کی زیارت سے فیض یاب ہوتے رہے۔

لاہوریوں کی اپنے بچھڑے ہوئے پیاروں کی قبروں پر حاضری

دوسری جانب یوم عاشور پر شہریوں کی بڑی تعداد صبح سویرے شہر خموشاں پہنچ گئی جہاں انہوں نے اپنے پیاروں کی قبروں کی لپائی کی اور پھول ڈالنے کے بعد مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی، یوم عاشور پر قبرستان جانے کی روایت بہت پرانی ہے۔ لوگ یوم عاشور پر اپنے رشتہ داروں کی قبر وں پر خصوصی طور پر حاضری دیتے ہیں۔

 عشقِ حسینؑ کی کوئی حد ہے

نہ غمِ حسینؑ کی کوئی سرحد

یوم عاشور کے موقع پر لاہور میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، چھتوں پر سنائپرز تعینات کردیئے گئے ہیں،  جلوس کے روٹس پر موبائل فون سروس معطل ،موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی لگادی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق موبائل سروس رات 12 بجے تک بند رہے گی۔

صدر پاکستان، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب کا یوم عاشور پر پیغام

یوم عاشور پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم عاشور ہمیں شہدا ئےکربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، دہشتگردی، انتہا پسندی اور عدم برداشت کےخاتمے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ آج ہمیں متحد و منظم ہونے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا صبر و تحمل، رواداری، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے، نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اُصولوں کو قیامت تک کیلئے زندہ کردیا۔

Sughra Afzal

Content Writer