سٹی 42: شہباز شریف کو بڑا ریلیف مل گیا ۔ احتساب عدالت نے شہبازشریف کو گھرکاکھانا، میٹرس،کرسی سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کاحکم دیدیا۔
اطلاعات کے مطابق احتساب عدالت میں ن لیگ کی جانب سے شہبازشریف کو جیل میں سہولیات دینے کیلئے درخواست کی سماعت ہوئی ، درخواست میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ شہبازشریف اپوزیشن لیڈر ہیں ان کو قانون کے مطابق سہولیات دی جائیں ، شہبازشریف کو جیل میں کوئی سہولیات نہیں دی جارہیں،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ شہبازشریف کوگھر کاکھانا اوردیگر سہولیات فراہم کی جائیں ۔وکیل امجد پرویز نے کہاکہ شہبازشریف کمر درد میں مبتلا ہیں،ساری رات نہیں ہوسکے،جج جواد الحسن نے کہاکہ اگر ایسی بات ہے تو سپرنٹنڈنٹ جیل کو طلب کرکے پوچھ لیتے ہیں ،بنیادی حقوق کی پامالی نہیں ہونی چاہئے ۔
عدالت نے شہبازشریف کو گھرکاکھانا، میٹرس،کرسی سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کاحکم دیتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ سے عملدرآمد رپورٹ27 اکتوبر کوطلب کرلی ۔
ادھر لیگی رہنما ایڈووکیٹ عطااللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے جتنا ظلم کرنا ہے کرلیں ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے ،قائد حزب اختلاف شہبازشریف کے کچھ حقوق ہیں ،آپ نے کبھی کوئی سیاسی جدوجہد بھی نہیں کی ،سب کو پتہ ہے ڈھونگ کیسے رچایا گیا اور اس میں آپ کاکیا کردار تھا۔عمران احمد نیازی!آپ کو جیل جانا پڑگیاتو آپ ایک گھنٹے کی بھی مار نہیں ،آپ کو یہ ظلم اور بربریت نہیں کرنے دیں گے ،آپ کا وقت بھی آنے والا ہے ۔
یاد رہے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بڑے بھائی کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت جلد گزر جائیگا، آپ پریشان نہ ہوں جلد صحت یاب ہو کر واپس آئینگے۔ احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے میاں نواز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انکی خیریت دریافت کی۔یہ وقت بھی جلد گزر جائیگا، سب ٹھیک ہوگا اورآپ جلد صحت یاب ہو کر واپس آئینگے۔
اس سے قبل کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کے ساتھ کراچی ہوٹل میں پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے ، اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔