قیصر کھوکھر: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر "ہنرمند اسیر پروگرام" میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس کے تحت پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی تیار کردہ مصنوعات اب آن لائن دستیاب ہوں گی۔
اس حوالے سے محکمہ داخلہ، جیل خانہ جات اور دراز کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔
معاہدے کے تحت پنجاب کی مختلف جیلوں میں تیار ہونے والی مصنوعات دراز ایپ کے ذریعے آن لائن فروخت کی جائیں گی، جس سے شہری گھر بیٹھے معیاری جیل مصنوعات آسانی سے خرید سکیں گے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب محکمہ داخلہ میں ہوئی، جس میں ڈی آئی جی پریژن نوید رؤف اور دراز کے نمائندے نے دستخط کیے جبکہ آئی جی پریژن میاں فاروق نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری پریژن رومان بورانہ بھی شریک تھے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف جیلوں میں تیار کی جانے والی مصنوعات کی فروخت میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے قیدیوں کے معاوضے میں بھی بہتری آئے گی۔ پنجاب کی جیلوں میں کارپٹ، ٹف ٹائل، فرنیچر، ایل ای ڈی بلب، جوتے، دستانے، فٹ بال، کپڑے، صابن، فینائل اور واشنگ پاؤڈر سمیت متعدد اشیاء تیار کی جاتی ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ جیلوں میں قیدیوں کو جدید ہنر سکھانے کے لیے حجام، درزی، باورچی، موٹر سائیکل مکینک اور الیکٹریشن سمیت مختلف تربیتی شعبوں میں ماہر اساتذہ موجود ہیں۔ ہنر مند قیدی جیل انڈسٹری میں کام کرکے باعزت روزگار حاصل کر رہے ہیں اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کے قابل بھی ہو رہے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ اقدام قیدیوں کی بحالی اور معاشی مضبوطی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔