(ویب ڈیسک) گلوکار عدنان سمیع نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ’’ آزاد روح‘‘ ہیں اور صرف خدا کو جوابدہ سمجھتے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع جو کہ اب بھارتی شہری ہیں نے کہا ہےکہ لوگ ان کے بارے میں سطحی تاثر کی بنیاد پر رائے قائم کرتے ہیں، حالانکہ وہ حقیقت میں انہیں جانتے ہی نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی کے دباؤ میں نہیں آتے اور اپنی زندگی اپنے اصولوں کے مطابق جیتے ہیں۔
بھارتی گلوکار عدنان سمیع نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور ٹرولنگ پر کھل کر ردعمل دیا ہے۔ حال ہی میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کے بعد انہیں آن لائن شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس پر اب انہوں نے واضح اور دوٹوک جواب دیا ہے۔ عدنان سمیع نے کہا کہ وہ ایک ’’ آزاد روح‘‘ ہیں اور اپنی زندگی دوسروں کی رائے کے مطابق نہیں گزارتے۔ بھارت کے اردو نیوز چینل18ے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں شکر گزار ہوں کہ میں نے اپنے تمام فلٹرز کھو دیئے ہیں۔ میں وہی کرتا ہوں جو مجھے درست لگتا ہے، اور میں خدا کے سوا کسی کو جوابدہ نہیں ہوں۔ عدنان سمیع نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص ان کے ساتھ اچھا ہے تو وہ بھی اس کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتے ہیں، چاہے وہ کسی بھی نظریے یا جماعت سے تعلق رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا ’’میں کبھی کسی کے بارے میں دوسروں کی رائے کی بنیاد پر فیصلہ نہیں کرتا‘‘۔
عدنان سمیع گلوکار نے سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ پر بھی کھل کر بات کی اور کہا کہ زیادہ تر لوگ انہیں حقیقت میں جانتے ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ مجھے جانتے ہیں، لیکن وہ صرف ایک تصویر، ایک گانے یا سطحی تاثر کی بنیاد پر میرے بارے میں رائے قائم کرتے ہیں۔ اگر وہ سوچتے ہیں کہ اس بنیاد پر وہ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ میں کون ہوں، تو وہ خیالی دنیا میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو لوگ انہیں ٹرول کرتے ہیں وہ ان کے مداح نہیں بلکہ ایسے لوگ ہیں جو اپنے تعصبات کے تحت ہر چیز پر تبصرہ کرتے ہیں۔
عدنان سمیع نے ایک پرانے انٹرویو میں بتایا تھا کہ جب انہوں نے آشا بھوسلے سے کہا کہ پاکستان میں لوگ ان کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے ،تو آشا بھوسلے نے انہیں ممبئی آنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت منتقل ہونے کے بعد انہیں پاکستان میں اپنی کروڑوں روپے کی جائیداد چھوڑنی پڑی اور زندگی دوبارہ شروع کرنا پڑی۔ عدنان سمیع کے حالیہ بیانات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں، اور ان کے حامیوں ا ور ناقدین میں بحث کا سلسلہ بھی جاری ہے۔