ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابقہ دشمنی پر دو بھائیوں کو قتل کرنے کا مقدمہ ، مجرم کی اپیل مسترد

 سابقہ دشمنی پر دو بھائیوں کو قتل کرنے کا مقدمہ ، مجرم کی اپیل مسترد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف : لاہور ہائی کورٹ نے سابقہ دشمنی پر دو بھائیوں کو قتل کرنے کے مقدمے میں سزائے موت پانے والے مجرم علی شان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی دو مرتبہ پھانسی کی سزا برقرار رکھی ہے۔

جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے  ملزم علی شان کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ہارون الرشید نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ مجرم علی شان نے سابقہ دشمنی کی بنا پر دو بھائیوں لیاقت اور خالد کو ان کے گھر کے سامنے اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کیا۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم نے فائرنگ کے دوران ایک میگزین خالی ہونے کے بعد دوسری میگزین بھر کر دوبارہ فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں بھائی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل  کا مزید کہنا تھا کہ مقدمے میں چشم دید گواہان موجود ہیں جبکہ پولیس تفتیش، میڈیکل رپورٹس اور گواہوں کے بیانات بھی مجرم کے خلاف ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا جائے۔عدالت کو بتایا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے شواہد، گواہوں کے بیانات اور فریقین کے دلائل کی روشنی میں مجرم کو دو مرتبہ سزائے موت سنائی تھی۔دوران سماعت وکیل صفائی نے مجرم کی بریت کے لیے دلائل دیے تاہم وہ عدالت کو مطمئن نہ کرسکے۔بعدازاں دو رکنی بنچ نے وجہ عناد، برآمدگی اور گواہوں کی موقع پر موجودگی ثابت ہونے کی بنیاد پر مجرم علی شان کی اپیل خارج کرتے ہوئے سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

Ansa Awais

Content Writer