ویب ڈیسک: عالمی توانائی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہےجبکہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی پیش رفت اور تیل ذخائر میں کمی کے باعث جمعرات کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 78 سینٹ کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 105.80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) 84 سینٹ اضافے کے ساتھ 99.10 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہوتا رہا۔
عالمی مالیاتی اداروں نےخبردارکیا ہےکہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات ناکام ہوئےیا خطے میں دوبارہ فوجی کشیدگی بڑھی تو تیل کی قیمتیں دوبارہ 120 سے 200 ڈالر فی بیرل تک جا سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل عالمی منڈی میں دونوں اہم آئل بینچ مارکس کی قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد کمی دیکھنے میں آئی تھی۔ اس کمی کی بڑی وجہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا وہ بیان تھا جس میں انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے خلاف مزید کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔
دوسری جانب امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا میں خام تیل اور پٹرول کے ذخائر میں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کو جزوی سہارا ملا ہے۔