ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مسلم لیگ ( ن) کا پارلیمانی پارٹی اجلاس، اہم قرارداد منظور

مسلم لیگ ( ن) کا پارلیمانی پارٹی اجلاس، اہم قرارداد منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کو وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں درج ذیل متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔
اجلاس بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت اور بلاجواز جنگ مسلط کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس میں معصوم بچوں، خواتین سمیت پاکستان کے عام شہریوں، مساجد کو شہید کیاگیا،اجلاس اپنے تمام شہدا کو عقیدت کے پھول پیش کرتا ہے، اُن کے اہل خانہ کے حوصلے اور صبر کو خراج تحسین اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔

اجلاس اپنی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتا ہے جس نے 6 اور 7 مئی اور پھر 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے دشمن کا جدید ہتھیاروں اور جنگی جنون کا غرور خاک میں ملا دیا۔
اجلاس چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر ، فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سمیت پاک فوج کے افسران، جوانوں ، انٹیلی جنس اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جن کی عسکری مہارت اور دفاع وطن کے بے مثال جذبے سے پاکستان اور چوبیس کروڑ پاکستانی سربلند ہوئے۔

اجلاس پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے تاریخ کے اس نازک اور فیصلہ کن مرحلے پر وفاقی حکومت کی راہنمائی کی اور اپنے تجربے کی روشنی میں مسلسل مشاورت سے دفاع وطن اور قومی مفادات کے تحفظ میں اپنا گراں قدر حصہ ڈالا۔

اجلاس وزیراعظم محمد شہبازشریف کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے، معاشی اور سیاسی استحکام لانے اور بھارت کی مسلط کردہ جنگ کے دوران دفاع وطن کے تقاضے نبھانے میں تاریخی قائدانہ کردار ادا کیا، سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ بہترین نظم پیدا کرکے پاکستان کو دنیا میں سربلند کیا۔ بھارت کی اشتعال انگزیوں کے باوجود نہایت تدبر، حوصلے اور ضبط وتحمل سے بروقت اور درست فیصلے کئے۔ عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی اور عسکری، عوامی اور سیاسی وجود کو یکجان کرکے پوری قوم کو ایک وحدت بنادیا۔

اجلاس خاص طورپر بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی بے مثال عسکری قیادت، بھارتی کو جنگ کے میدان میں شکست دینے کی بہادری، بہترین عسکری حکمت عملی کی تیاری پر فیلڈ مارشل کا اعلی ترین عسکری اعزاز دینے کو سراہتا ہے ۔ غیرمعمولی عسکری اعزاز پر جنرل سید عاصم منیر کو مبارک دیتے ہوئے سمجھتا ہے کہ یہ اجتماعی طورپر افواج پاکستان کی بہادری کے اعتراف کا مظہر ہے۔

اجلاس وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے عوامی اور انتظامی محاذ پر بروقت فیصلے کئے۔ ایک طرف قوم کا جذبہ بڑھایا، بھرپور عوامی حمایت سے مسلح افواج کے جذبے بڑھائے، پولیس، رینجرز، ضلعی انتظامیہ، ہسپتال اور دیگر اداروں کو ہنگامی حالات کے لئے بروقت مستعد اور تیار کیا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھارتی جارحیت کا نشانہ بننے والے عوام کی بروقت طبی امداد کے لئے بہترین انتظامات کئے۔ اجلاس امتحان کی اس گھڑی میں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے تدبر اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھرپور سلام پیش کرتا ہے۔

اجلاس پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہے جو آزمائش کی گھڑی میں ایک وجود بن گئی۔ تمام سیاسی جماعتوں کو سراہتی ہے جنہوں نے فروعی اختلافات بالائے طاق رکھے۔ میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جس نے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کیا اور پوری دنیا ہی نہیں خود بھارت کے عوام سے اپنی پیشہ ورانہ قابلیت کا اعتراف کرایا۔

اجلاس خضدار میں سکول بس پر دہشت گردوں کے بہیمانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرہ اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ اجلاس میں شہدائے کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔