ویب ڈیسک: ازبکستان نے سیاحت کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بحرین، کویت اور عمان کے شہریوں کو 30 دن کے ویزا فری قیام کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ 15 مئی کو جاری کردہ ایک صدارتی فرمان کے تحت کیا گیا ہے۔اس اقدام کا مقصد ملک میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ اور سیاحتی خدمات کی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔ حکومت کا ہدف ہے کہ سال 2025 تک 15.8 ملین غیرملکی سیاح ازبکستان کا دورہ کریں اور سیاحت سے حاصل ہونے والی آمدنی 4 ارب ڈالر تک پہنچ جائے۔
صدارتی فرمان میں 40 ملین گھریلو سیاحوں کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کے لیے 378 نئے ٹور آپریٹرز متعارف کروائے جائیں گے۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف سیاحتی صنعت کو ترقی دینا ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی مستحکم کرنا ہے۔
ازبک حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ملک میں ہر سال بین الاقوامی سیاحتی ہفتہ نومبر میں منایا جائے گا جس کے دوران مختلف تقریبات، ثقافتی سرگرمیاں اور پروموشنز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ دنیا بھر سے سیاحوں کو ازبکستان کی جانب راغب کیا جا سکے۔