ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سٹیل ملز کا سیلز ٹیکس کی ادائیگی میں گھپلا سامنے آگیا

سٹیل ملز کا سیلز ٹیکس کی ادائیگی میں گھپلا سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ( رضوان نقوی ) لاہور میں 40 سٹیل ملز کا 70 کروڑ روپے سے زائد کا سیلز ٹیکس فراڈ سامنے آگیا، کارپوریٹ آرٹی او نے فراڈ میں ملوث پندرہ سٹیل ملز کے خلاف ایف آئی آرز درج کروا دیں ’’اے آر سٹیل ملز‘‘ کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سٹیل ملز بجلی کے بلز میں سیلز ٹیکس ادائیگی کرنے کی بجائے ایف بی آر کو سیلز ٹیکس ادائیگی کے چیک دیتی رہیں جو کیش نہ ہوسکے۔ سٹیل ملز نے بجلی کے بلز میں سیلز ٹیکس سے استثنٰی کیلئے سابق زونل کمشنر سے سرٹیفکیٹ حاصل کئے، بجلی بلز میں ٹیکس ادائیگی کی بجائے 13 روپے فی یونٹ کے حساب سے چیک جمع کروادیئے۔

سٹیل ملز کے چیک باؤنس ہونے پر کارپوریٹ آر ٹی او نے کارروائی کرتے ہوئے پندرہ ایف آئی آرز درج کروادیں۔ کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کے زون فور نے بڑے پیمانے پر ٹیکس فراڈ میں ملوث 9 سٹیل ملز کی امپورٹ بلاک کرکے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کئے تاہم ریکوری نہ ہوسکی۔

چیف کمشنر کارپوریٹ آر ٹی او آمنہ حسن کی ہدایت پر سٹیل ملز کے خلاف ایف آئی آرز درج کروانے کے بعد گرفتاریوں کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ایف بی آر نے بڑے پیمانے پر ٹیکس فراڈ میں ملوث اے آر سٹیل مل کے مالک عظیم نیامت کو گرفتار کرکے 28 مئی تک ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔

ایف بی آر نے صدیق آئرن انڈسٹری، آفاق اینڈ دانیال سٹیل ملز، پاک سٹیل ملز، سٹی سٹیل ملز سمیت دیگر سٹیل ملز کے مالکان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیئے ہیں۔