ویب ڈیسک : اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی و امریکی صدر کے مشیر ایلون مسک کی اسٹارلنک انٹرنیٹ سروس کے پاکستان میں آپریشنز کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسٹار لنک نے اسپیس ریگولیٹری بورڈ کے تمام تقاضے پورے کر لیے، وزارت داخلہ کی کلیئرنس کے بعد بورڈ نے اسے این او سی جاری کیا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) آئندہ 2 ہفتے میں اسٹار لنک کو لائنس جاری کر دے گا، اسٹار لنک پہلے ہی پی ٹی اے میں لائسنس کیلیے درخواست اور ٹیکنیکل و بزنس پلان جمع کروا چکا ہے۔
امریکی کمپنی نے پاکستان میں رجسٹریشن کے حوالے سے 3 مراحل مکمل کر لیے، اس نے ایس ای سی پی اور پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ سے رجسٹریشن اور اسپیس ایکٹیوٹیز ریگولیٹری بورڈ سے رجسٹریشن حاصل کر لی۔
آخری مرحلہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے رجسٹریشن حاصل کرنا ہے، پی ٹی اے کی جانب سے لائسنس کے اجرا کے بعد کمپنی سروسز کا آغاز کر سکے گی، پی ٹی اے اسٹار لنک کی جمع کروائی گئی دستاویزات کا جائزہ لے رہا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اسٹار لنک کی سروسز موجودہ نیٹ ورک میں کسی قسم کا خلل پیدا نہیں کریں گی، پاکستان نے 2023 میں نیشنل سیٹلائٹ پالیسی متعارف کروائی، 2024 میں پاکستان اسپیس کمیونیکشن کو مضبوط بنانے کیلیے اسپیس ایکٹیویٹیز رولز متعارف کروائے گئے۔