ویب ڈیسک: اداکارہ اور ٹی وی میزبان جویریہ سعود کے رمضان پروگرام میں مولانا آزاد جمیل کی جانب سے بجلی کا بل کم کرنے کے وظیفے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی تمام ٹی وی چینلز پر خصوصی رمضان نشریات پیش کی جا رہی ہیں اور ان پروگراموں میں ہونے والی بات چیت کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔دو روز قبل جویریہ سعود کے رمضان شو میں کراچی کے ایک شہری نے سوال کیا کہ ان کا بجلی کا بل بہت زیادہ آتا ہے اور انہوں نے اس مسئلے کا حل یا وظیفہ پوچھا۔
اس پر پروگرام میں موجود مولانا آزاد جمیل نے شہری کو بجلی کا بل کم کرنے کا وظیفہ بتایا اور کہا کہ یہ مسئلہ ہر گھر کا ہے کہ بجلی کا بل زیادہ آتا ہے۔
مولانا صاحب نے پروگرام میں کہا کہ ‘بٹن دباو تو بجلی نہیں، نلکہ چلاو تو پانی نہیں، چولہا جلاو تو گیس نہیں اور یہ ہر گھر کی مشکلات ہیں۔ انہوں نے بجلی کے بل کو کم کرنے کے لیے وظیفہ بتاتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کے ہاں بل زیادہ آتا ہے وہ بجلی کے میٹر پر شہادت کی انگلی سے ’زم زم‘ لکھیں، اس سے بل میں کمی آئے گی۔
مولانا صاحب نے وضاحت کی کہ ہر مہینے دو بار اس عمل کو کرنے سے بل میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔
پروگرام کے دوران ایک اور شخص نے کرنٹ لگنے سے بچنے کا وظیفہ پوچھا جس پر مولانا صاحب نے مشورہ دیا کہ جو افراد بجلی کا کام کرتے ہیں، وہ یہ وظیفہ پڑھ کر کام کریں تو کرنٹ نہیں لگے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جو افراد بجلی کا کام نہیں جانتے، وہ اس سے گریز کریں۔
یاد رہےکہ اسی مولانا صاحب نے اس سے پہلے ٹریفک چالان سے بچنے کا وظیفہ بھی بتایا تھا اور پانچویں شادی کے خواہشمند شہری کو بھی مشورے دیے تھے جن کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔