(سٹی 42) نارووال اور گوجرانوالہ اور ملتان میں تیز آندھی کےساتھ موسلادھار بارش ، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع نارووال میں آدھے گھنٹے کی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔ بارش کے برستے ہی شہر کے تمام فیڈر ٹرپ کر گئے اور شہر اندھیرے میں ڈوب گیا ۔ نارووال میں کالے سرمائی بادلوں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب گوجرانوالہ اور اس کے گردونواح میں تیز آندھی کیساتھ بارش شروع ہو گئی ہے، گوجرانوالہ میں ٹھنڈی ہواؤں اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش کے بعد گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے ہیں۔
اس کے علاوہ ملتان میں تیز اندھی کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔شہر کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ،بارش اور اندھی کے باعث دولت گیٹ،دہلی گیٹ، حافظ جمال،منظور آباد میں بجلی تاحال معطل ہے۔ اس کے علاوہ 22 نمبر، ٹمبر مارکیٹ، وہاڑی روڈ، ممتاز آباد ،کینٹ، گلگشت، گلشن مارکیٹ سمیت اندرون ملتان میں بجلی بحال نہ ہو سکی ۔