ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ میں 3 کروڑ 93 لاکھ کی خریداری پر مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع

جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ میں 3 کروڑ 93 لاکھ کی خریداری پر مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راو دلشاد: جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ میں مالی بے ضابطگیوں کے معاملے پر پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 3 کروڑ 93 لاکھ 95 ہزار روپے کی خریداری بغیر باقاعدہ کنٹریکٹ ایگریمنٹ کے کی گئی۔

آڈٹ حکام کے مطابق سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب میں خریداری کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی، جبکہ معاہدہ نہ ہونے پر مالی نظم و ضبط سے متعلق سنگین سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ خریداری پر ایک لاکھ ایک ہزار 58 روپے کی اسٹامپ ڈیوٹی بھی ادا نہیں کی گئی، جسے آڈٹ حکام نے قواعد کی خلاف ورزی قرار دیا۔ آڈٹ اعتراض سامنے آنے کے بعد محکمہ نے بقایا اسٹامپ ڈیوٹی کی وصولی کے لیے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق خریداری کا عمل باقاعدہ معاہدے کے بغیر مکمل کیا گیا جبکہ چار سال گزرنے کے باوجود معاملے کی انکوائری شروع نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ آڈٹ حکام نے ذمہ دار افراد کے تعین اور قواعد کے مطابق کارروائی کی سفارش کی ہے۔

دوسری جانب محکمانہ مؤقف میں کہا گیا ہے کہ خریداری کا عمل مسابقتی بولی کے ذریعے مکمل کیا گیا تھا اور اس سے قومی خزانے کو کسی قسم کا مالی نقصان نہیں پہنچا۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ بقایا اسٹامپ ڈیوٹی کی وصولی کا عمل جاری ہے اور اسے جلد مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ آڈٹ ٹیم نے مکمل وصولی تک معاملہ نمٹانے سے گریز کی سفارش کی ہے۔