ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

برائلر گوشت، بیف، مٹن اور انڈے سرکاری نرخوں سے مہنگے فروخت

برائلر گوشت، بیف، مٹن اور انڈے سرکاری نرخوں سے مہنگے فروخت
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ابوبکر: شہر میں برائلر گوشت، بیف، مٹن اور انڈوں کے سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری مہنگائی کے اضافی بوجھ تلے دب گئے ہیں۔ مختلف بازاروں میں اشیائے خورونوش سرکاری قیمتوں کے بجائے زائد نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

شہریوں کے مطابق برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 453 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 470 سے 480 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ متعدد دکاندار اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں جس سے خریدار شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

اسی طرح بیف کا سرکاری ریٹ 800 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مختلف علاقوں میں 1200 سے 1400 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ مٹن کی سرکاری قیمت 1600 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود یہ 2800 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

فارمی انڈوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سرکاری نرخ 214 روپے فی درجن ہونے کے باوجود بازار میں انڈے 225 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی غذائی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ عوام نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اوورچارجنگ میں ملوث دکانداروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ صارفین کو ریلیف مل سکے۔