( سعید احمد سعید ) لاہور پریس کلب کے باہر مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام تعلیمی اداروں کی بندش کیخلاف طلبہ کا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں شریک طلبہ کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے لیے نعرے بازی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مظاہرے میں ناظم ایم ایس او لاہور عمیر مکی، فہیم بٹ اور بلال بن اکرام سمیت دیگر طلبہ شریک تھے۔ نظم ایم ایس او لاہور عمیر مکی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے طلبہ کو آن لائن کلاسسز میں بھی کافی مسائل درپیش ہیں۔
ایک طرف حکومت مارکیٹیں، بسیں اور ٹرینیں سبھی کچھ کھول رہی، مگر تعلیمی ادارے تاحال بند ہیں۔ تعلیمی ادارے بند رکھ کر حکومت طلبہ کے حقوق کی پامالی کر رہی۔ کورونا وائرس کے باعث تعلیمی ادارے بند ہونے سے سب سے بڑا نقصان طلبہ کا ہوا۔امتحانات نہ ہونے سے بہت سے قابل طلبہ کالجز و یونیورسٹیز میں داخلے سے محروم ہو جائیں گئے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت نئے داخلوں کے حوالے سے اسکالرشپس کے لیے پالیسی وضع کرے اور حکومت انسداد کورونا ایس او پیز کے مطابق تعلیمی ادارے کھولنے کے احکامات جاری کرے جبکہ حکومت تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ٹھوس پالیسی مرتب کرے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے ملک میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے، وفاقی وزارت تعلیم نے ٹرائل بنیادوں پر سکول کھولنے پر صوبوں سے تجاویز طلب کر لیں ہیں اور وفاق نے دو جولائی کو بین الصوبائی وزراء تعلیم کانفرنس بھی طلب کرلی ہے۔