سٹی42: دختر مشرق، عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی آج 67 ویں سالگرہ، پیپلزپارٹی کی جانب سے تقریبات کا پروگرام، محترمہ بینظیر بھٹو پہلی مرتبہ 1988 میں اور دوسری بار 1993 میں وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم، شہید جمہوریت، دختر پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 67 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔ بے نظیر بھٹوشہید پہلی بار1988 اور دوسری بار 1993 میں پاکستان کی وزیر اعظم منتخب ہوئیں، جمہوریت دشمن قوتوں نے27 دسمبر2007 کو بے نظیر بھٹو کو شہید کر دیا تھا۔
سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو 21 جون، 1953ء میں سندھ کے مشہور سیاسی بھٹو خاندان میں پیدا ہوئیں۔ 1988ء میں وہ تاریخ کی سب سے کم عمر اور اسلامی دنیا کے کسی ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔ تاہم 20 ماہ بعد ہی ان کی حکومت کو برطرف کردیا گیا۔ بے نظیر بھٹو نے پسماندہ طبقات کے لئے جدوجہد کی اور اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا کر عالمی دنیا میں عورت کو ایک منفرد مقام دیا۔
1993ء میں وہ دوسری مرتبہ برسراقتدار آئیں لیکن 1996ء میں ایک مرتبہ پھر ان کی حکومت ختم کر دی گئی۔ 1998ء میں انہوں نے پھر جلاوطنی اختیار کی اور 18 اکتوبر 2007ء کو وطن واپس پہنچی تو ان پر پہلا حملہ ہوا جس میں تو وہ بچ گئیں لیکن 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔ پھر 2 ماہ 9 دن بعد 27 دسمبر 2007ء راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ان پر دوسرا حملہ ہوا جس میں وہ شہید ہوگئیں۔ مگر اب تک ان کا قاتل پکڑا نہیں جا سکا۔
پیپلزپارٹی نے حکومت بنانے کے بعد بے نظیر کی قتل کی تحقیقات اپنے پرانے مطالبے کے مطابق اقوام متحدہ سے کروانے کے لیے درخواست دی جو اس نے قبول کرلی۔ آصف علی زرداری نے بے نظیر کے قتل کی پہلی برسی پر دعویٰ کیا کہ انھیں معلوم ہے کہ قاتل کون ہیں۔ البتہ صدر مملکت بن جانے کے بعد قتل کی دوسری برسی پر اپنی تقریر میں اس بارے میں کچھ نہ بتا سکے۔